کوئٹہ (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے اعلیٰ سیاسی قیادت متحرک ہوگئی۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اہم دورے پر وفد کے ہمراہ کوئٹہ پہنچ گئے۔ بی اے پی کے ناراض ارکان سے ملاقات کی۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال اور پارٹی رہنمائوں کے ساتھ مشاورت کریں گے۔ چیئرمین سینٹ کے ہمراہ سیینٹر نصب اللہ بازائی، سینیٹر منظور کاکڑ، سینیٹر سرفراز بگٹی، سینیٹر احمد خان، سینیٹر عبدالقادر، رکن قومی اسمبلی خالد مگسی اور سردار ترین بھی ہیں۔ اس بابت صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ ہم اپنے وزار اور ارکان صوبائی اسمبلی کومنائیں گے۔ یہ ہماری جماعت ہے اور ہم اکٹھے چلیں گے۔ پارٹی میں اختلافات ہوتے ہیں کسی کے کہنے پر کوئٹہ نہیں آیا۔ ادھر وزیراعلیٰ بلوچستا ن کمال سے حکومتی اور اتحادی ارکان اسمبلی ملے اور وزیراعلیٰ پر اعتماد کا اظہار کیا۔جام کمال نے پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند سے ملاقات کی۔ یار محمد رند نے پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا۔ ترجمان کے مطابق تمام اراکین اسمبلی سے مشاورت کی جائے گی۔ فیصلے کی حتمی منظوری وزیراعظم عمران خان سے لی جائے گی۔
جام کمال کیخلاف عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے سنجرانی کی ناراض ارکان سے ملاقات
Sep 17, 2021