واشنگٹن (شِنہوا)امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا نے نئی سہ فریقی سیکورٹی شراکت داری کے قیام کا اعلان کیاہے۔ امریکی صدرجو بائیڈن، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اورآسٹریلیا کے وزیر اعظم سکاٹ موریسن نے ایک ورچوئل تقریب کے دوران اس بات کااعلان کیا۔تینوں ممالک کی جانب سے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ "اے یو کے یوایس"کے نام سے یہ شراکت داری سیکورٹی اور دفاعی صلاحیتوں کے شعبوں میں تعاون کو نمایاں طور پرفروغ دینے میں مدد فراہم کرے گی۔ بیان کے مطابق "اے یو کے یوایس"کے تحت اٹھائے جانے والے پہلے اقدام میں جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزوں کا ایک بیڑاآسٹریلیا کے لئے فراہم کیا جائے گا اور تینوں ممالک اس استعداد کی فراہمی کاطریقہ کار18 ماہ کی مشاورت میں طے کریں گے۔ موریسن نے اپنے بیان میں کہا کہ آسٹریلیا برطانیہ اور امریکہ کے تعاون سے ملک کے جنوب میں واقع ساحلی شہرایڈیلیڈ میں آبدوزیں بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔جوہری عدم پھیلاو کی تمام ذمہ داریاں پوری کرنے کا عہد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا جوہری ہتھیار حاصل کرنے یا سول ایٹمی صلاحیت قائم کرنے کا خواہاں نہیں ہے۔بائیڈن اور جانسن نے کہا کہ آسٹریلیا جو آبدوزیں حاصل کرنا چاہتا ہے وہ روایتی ہتھیاروں سے مسلح ہوں گی اور یہ کہ ان کے ملک بھی اپنی جوہری عدم پھیلاو کی ذمہ داریوں پر مکمل عمل پیرا ہوں گے۔
امریکہ ، برطانیہ اورآسٹریلیا کا نئی سیکورٹی شراکت داری کا اعلان
Sep 17, 2021