منی لانڈرنگ کیس‘ نصرت شہباز پر یکم اکتوبر کو فرد جرم عائد ہو گی 

Sep 17, 2021

 لاہور (اپنے نامہ نگار سے)احتساب عدالت نے شہباز شریف، فواد حسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر 13 ملزموں کیخلاف آشیانہ ہاؤسنگ سکیم ریفرنس کیس کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ شہباز شریف، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر نے حاضری لگائی۔ عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزمان کو طلب کر لیا۔ احتساب عدالت نے منی  لانڈرنگ، آشیانہ اور رمضان شوگر مل ریفرنسوں میں سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ منی  لانڈرنگ کیس میں نصرت شہباز پر آئندہ سماعت  پر فرد جرم عائد ہو گی جس  پر عدالت نے نصرت شہباز کا پلیڈر مقرر کر دیا۔ حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزم پیش ہوئے۔ شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اپنے نمائندے کے ذریعے ریفرنس کی کارروائی میں شامل ہو گئیں۔ عدالت نے نمائندے کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فرد جرم کی کارروائی کے لیے طلب کرلیا۔ احتساب عدالت کے جج ساجد علی نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال ریفرنس پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف خاندان کے ریفرنس الگ الگ تاریخ میں مقرر کیے جائیں۔ تینوں ریفرنسوں میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہونے ہیں ایک ہی روز تاریخ مقرر کرنے سے سماعت متاثر ہوسکتی ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے  کہ آئندہ سماعت پر اس کو دیکھیں  گے۔

مزیدخبریں