لاہور/ سیالکوٹ/ سمبڑیال (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار+نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سمبڑیال اور سیالکوٹ کا ساڑھے تین گھنٹے طویل دورہ کر کے پبلک سروسز فراہم کرنے والے مختلف اداروں اور محکموں کا وزٹ کیا اور فرائض سے غفلت برتنے، عوامی شکایات اور خراب کارکردگی پر 15 افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا۔ وزیر اعلی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمبڑیال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ سمبڑیال، چیف افسر تحصیل کارپوریشن سیالکوٹ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسر سیالکوٹ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر سیالکوٹ کو معطل کر دیا گیا۔ ایکسین آبپاشی مرالہ سب ڈویژن، ڈی ایس پی ڈسکہ اور ڈی ایس پی ٹریفک سیالکوٹ کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔ سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ویمن ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ، چیف افسر سمبڑیال، چیف افسر پسرور، چیف افسر ڈسکہ اور سب رجسٹرار رورل سیالکوٹ بھی معطل کر دیئے گئے۔ عثمان بزدار نے پل کی تعمیر کیلئے 20 کروڑ روپے کے فنڈ کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے ایم ڈی نیسپاک کو پیسک کے منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں خواتین قیدیوں کے معاملات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ اور اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ ویمن کی سرزنش کی۔ وزیراعلیٰ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کے معاملات میں بدانتظامی پر سخت برہم ہوئے۔ انہوں نے جیل میں قیدیوں کیلئے سہولتیں بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ سیالکوٹ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن کا حکم دیا قبل ازیں وہ لاہور سے اچانک سمبڑیال پہنچ گئے اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ سے ہسپتال میں موجود ایک مریض کی خواتین تیمارداروں نے لڑائی جھگڑے کے کیس میں دادرسی کی درخواست کی۔ عثمان بزدار تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمبڑیال کا دورہ کرنے کے بعد تحصیل کمپلیکس سمبڑیال پہنچے اور اراضی ریکارڈ سینٹر کا دورہ کرکے ا راضی ریکارڈ کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔ عثمان بزدار نے سمبڑیال میں ماڈل پولیس سٹیشن کا بھی دورہ کرکے ماڈل پولیس سٹیشن کے فرنٹ ڈیسک کا معائنہ کیا اور ویمن ہیلپ کاؤنٹر کا بھی جائزہ لیا۔ عثمان بزدار نے سمبڑیال ماڈل پولیس سٹیشن میں بند حوالاتیوں سے مسائل دریافت کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ماڈل پولیس سٹیشن کی حوالات میں پنکھے نہ چلنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ تھانے میں بند حوالاتی بھی انسان ہیں، پنکھے فوراً مرمت کرائے جائیں۔ عثمان بزدار سمبڑیال کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اچانک ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ پہنچ گئے۔ جیل حکام کے دورے سے لا علم رہے۔ وزیراعلیٰ خواتین قیدیوں کے بچوں کو دودھ، سویٹ اور بسکٹ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور سردار عثمان بزدارنے ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ کی رجسٹریشن برانچ ایکسائز اینڈٹیکسیشن آفس، فیسیلیٹیشن سنٹر کا بھی دورہ کیا اور فرداً فرداً شہریوں کے پاس گئے اور مسائل دریافت کر کے فوری حل کے لئے احکامات جاری کئے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی دفاتر کے دورے کر کے حالات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سرپرائز وزٹ دوبارہ شروع کر دیئے ہیں، ہر ضلع اور تحصیل میں جاؤں گا۔ عوام کے مسائل سن کر موقع پر احکامات جاری کئے جائیں گے ۔