ترقی کیلئے آبی وسائل کا فروغ ناگزیر: مونس الٰہی‘ دورہ واپڈا ہاؤس  

Sep 17, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الہٰی نے  واپڈا ہاؤس کا دورہ کیا جہاں انہیں واپڈا کے ترقیاتی پروگرام، پانی اور  پن بجلی کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی ترقی کیلئے آبی وسائل کا فروغ ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لئے وفاقی حکومت ملک میں پانی اور پن بجلی کے منصوبے تعمیر کر رہی ہے تاکہ پانی کی صورتحال بہتر ہو، نیشنل گرڈ میں پن بجلی کی شرح میں اضافہ کیا جاسکے، لوگوں کو کم لاگت بجلی کی فراہمی ممکن ہوسکے اور معیشت کو مستحکم کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت آبی وسائل ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے اپنا کردار اداکرے گی۔ قبل ازیں، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا اس وقت پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں 10 سے زائد منصوبے تعمیر کر رہا ہے۔ ان منصوبوں میں دیامر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، نائے گاج ڈیم، سندھ بیراج اور کے فور جیسے اہم منصوبے شامل ہیں۔ یہ منصوبے 2028-29ء  تک مرحلہ وار مکمل ہوں گے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے 11 اعشاریہ7 ملین ایکڑ فٹ پانی دستیاب ہونے سے پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 13ملین ایکڑ فٹ سے بڑھ کر 24ملین ایکڑ فٹ ہو جائے گی۔  پن بجلی کی صلاحیت دو گناہو کر 9 ہزار میگاواٹ سے 18 ہزار میگاواٹ تک بڑھ جائے گی۔ 35 ہزار ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔ ممبر (فنانس) واپڈا نوید اصغر نے وفاقی وزیر کو منصوبوں کی تعمیر کے لئے فنڈز کا بندوبست کرنے کے حوالے سے واپڈا کے فنانشل پلان کے متعلق بریفنگ دی۔ 

مزیدخبریں