کراچی(وقائع نگار)سندھ حکومت نے نیپرا کو خط ارسال کیا، جس میں کے الیکٹرک کو میونسپل ٹیکس جمع کرنے کی اجازت کا مطالبہ کیا گیا ہے،سندھ حکومت کی جانب سے نیپرا کو ارسال کیے جانے والے خط میں نیپرا سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کو میونسپل ٹیکس جمع کرنے کی اجازت دی جائے،خط میں کہا گیا ہے کہ نیپرا کے الیکٹرک کو ماہانہ بل میں میونسپل ٹیکس شامل کرنیکی اجازت دے، بلدیہ عظمیٰ کراچی مالی بحران کا شکار ہے، اْسے ٹیکس جمع کرنے میں مشکلات ہیں،خط میں کہا گیا ہے کہ میونسپل ٹیکس کی بہتر وصولی کیلئے کے الیکٹرک کی خدمات درکارہیں، کیالیکٹرک نے میونسپل ٹیکس جمع کرنے کیلئے مشروط آمادگی ظاہرکی ہے اگر نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کو اجازت دے دی جاتی ہے تو ماہانہ بل میں میونسپل ٹیکس کو شامل کرلیا جائے گا۔ محکمہ توانائی سندھ نے نیپرا سے کے الیکٹرک کو جلد از جلد اجازت دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے یاد رہے کہ دس ستمبر کو وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس ہوا تھا، جس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی، متعلقہ محکموں کے حکام اور کے الیکٹرک کا وفد شریک ہوا، اجلاس میں میونسپل کارپوریشن کے واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے بات چیت کی گئی،اجلاس میں سفارش کی گئی کہ کے الیکٹرک شہریوں سے کنزر کنزروینسی ٹیکس بل میں شامل کر کے وصول کرے،اجلاس میں کے ایم سی اور ڈی ایم سی ٹیکس عوام سے بجلی کے بلوں کے ذریعے وصول کرنے کی تجویز پیش کی گئی،مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک ہر ماہ کے بل میں 100 سے دو سو روپے بلدیاتی ٹیکس شامل کر کے اسے شہریوں سے وصول کرے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کے ایم سی مختلف چیزوں پر عائد 13 ٹیکس وصول کررہی ہے، اس وقت فائر اور کنزروینسی ٹیکس کی مد میں سالانہ 21 کروڑ روپے حاصل ہورہے ہیں،ذرائع کے مطابق 25 لاکھ صارفین سے فائر اور کنزروینسی ٹیکس کی مد میں رقم وصول کی جائے گی۔