اسکول انتظامیہ کا فیس کی عدم ادائیگی پر بچے کے والد پر تشدد

کراچی( نیوز رپورٹر)با اثر   نجی اسکول کی  انتظامیہ نے فیس ادا نہ کرنے پر بچے کے سامنے والد کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا دیا، متاثرہ شخص نے ویڈیو بناکر کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔ اسکول انتظامیہ نے تحقیقات کے لئے پہنچنے والی محکمہ تعلیم کی ٹیم کو بھی خاطر میں نہ لاتے ہوئے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ تک رسائی دینے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق   معروف نجی  اسکول کی صفورہ  برانچ کی انتظامیہ کی جانب سے  اسکول میں زیر تعلیم ایک بچے کے والد کو بچے کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس پر متاثرہ والد نے اسکول کے باہر کھڑے ہوکر اسکول انتطامیہ کے جارحانہ رویے کے خلاف ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔ متاثرہ شخص نے ویڈیو میں اسکول انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹے کی فیس ادا نہ کرنے پر اسکول انتظامیہ نے مجھ پر تشدد کیا ، والد نے اسکول انتظامیہ پر الزام عائد کرنے کے بعد انصاف کا مطالبہ کیا۔ حسب سابق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد  ڈائریکٹوریٹ پرائیوٹ انسٹیٹیوشن کی ٹیم اسکول کا دورہ کرنے پہنچی اور اسکول انتطامیہ سے معاملے کی تفصیلات طلب کیں تاہم اسکول انتظامیہ کی ہٹ دھرمی برقرار رہی ۔ انسپکشن ٹیم کا کہنا تھا اسکول انتظامیہ سے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ طلب کی گئی جو نہیں دی گئی، اسکول کے خلاف بچوں کو حبس بے جا میں رکھنے کی بھی متعدد شکایات ہیں، ڈائریکٹوریٹ پرائیوٹ انسٹیٹیوشنز کی ٹیم تین روز میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ محکمہ تعلیم کو پیش کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن