اوچ شریف میں ریسکیو 1122کی سہولت کی فراہمی

 ریسکیو1122 کے دفتر کے قیام اور بلڈنگ کی تعمیر کے لئے فنڈز جاری ہونے کے بعد اوچ شریف نے ایمرجنسی سروس کی سہولت رکھنے والی پنجاب کی پہلی سب تحصیل بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے، اس سے قبل صوبہ بھر میں تحصیل سطح پرریسکیو 1122 کے دفاتر قائم کئے جاتے رہے ہیں، تاریخی شہر اوچ شریف ضلع بہاول پور کی اہم اور لاکھوں نفوس پر مشتمل سب تحصیل ہے، جہاں کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے یہاں پرایمرجنسی سروس ریسکیو1122 کی کوئی بھی سہولت نہ تھی، حادثات، آتش زدگی یا کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں امدادی کارروائیوںکے لئے احمد پور شرقیہ یا بہاول پور سے عملہ آتا تھا جب تک صورت حال انتہائی گھمبیر ہو جاتی تھی، سجادہ نشین درگاہ قادریہ عالیہ و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم سید افتخار حسن گیلانی کی خصوصی کاوش سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ کی تاریخ میں پہلی بار سب تحصیل کی سطح پر اوچ شریف میں ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 کے دفتر کے قیام اور بلڈنگ کی تعمیر کے لئے 11ملین روپے سے زائد فنڈز جاری کئے ہیں،برائے سال 2021-22کے لئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت رقم کی منظوری کے بعد محکمہ بلڈنگز بہاول پور نے منصوبے پر عملی کا م کا آغاز کرتے ہوئے بلڈنگ کی تعمیر کے لئے ٹینڈرز بھی طلب کر لئے ہیں اور آئندہ ماہ سے اس پر کام کا آغاز کر لیا جائے گا، ذرائع کے مطابق ریسکیو 1122 اوچ شریف آفس میں ابتدائی طور پر 1ایمبولینس 1 فائربریگیڈ کی گاڑی 2بوٹس اور 15اہلکاروں پر مشتمل ٹیم تعینات کی جائے گی جبکہ ریسکیو1122کے دفتری بلڈنگ کے لئے رورل ہیلتھ سنٹر اور جنرل بس اسٹینڈ کے مقامات کی نشاندہی کی گئی،رورل ہیلتھ سنٹر اوچ شریف کی اپ گریڈیشن کے بعد وہاں پرانے کوارٹرز اور دیگر عمارتیں گرا کرنئی تعمیرات بنانے کا عمل شروع ہونے والا ہے لہذا وہاں ریسکیو دفتر قائم ہونے کا امکان کم نظر آتا ہے ،شہر کے وسط میں اور احمد پور شرقیہ روڈ پرہونے کے باعث ویران اور اجڑے ہوئے جنرل بس اسٹینڈ کی اراضی ہی قابل قبول نظر آتی ہے جہاں دفتر بنایا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ شہر میں کوئی سرکاری اراضی نظر نہیں آتی، 45سے زائد مواضعات پر مشتمل سب تحصیل اوچ شریف میں ایمرجنسی کی صورت میں جہاں مریضوں اورحادثات کے واقعات میں زخمی ہونے والوں کو کوئی پوچھتا نہیں تھااور مریض تڑپ تڑپ کر جان دے دیتے تھے وہاں اب ریسکیو1122کی سہولت صرف ایک کال کی دوری پرعوام کو میسر ہو گئی ہے۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم سید افتخار حسن گیلانی نے’’نوائے وقت‘‘ کو بتایاکہ ہم نے اوچ شریف کے عوام سے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے ریسکیو 1122 سروس پر کام کا آغازکر دیا ہے جبکہ اس کے دائرہ کار اورمزید سہولیات کے لئے بھی مزید کوششیں جاری رکھی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122 اوچ شریف کے عوام کا ایک خواب تھا ،اس منصوبے کی منظوری اور فنڈز جاری کرنے میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا خصوصی تعاون شامل رہا ہے ، نوائے اوچ سوسائٹی (رجسٹرڈ) کے چیئرمین نعیم احمد ناز نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ضرورت بہت عرصے سے محسوس کی جا رہی تھی بلاشبہ ریسکیو1122 اوچ شریف اور گردونواح کے لاکھوں عوام کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...