حکومت تعلیمی اداروں کوفوری مکمل کھولنے کی اجازت دے:طارق محمود مغل

Sep 17, 2021

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)کرونا کی آڑ میں تعلیمی اداروں کو بار بار بند کرنا طلبہ کا ناقابل تلافی نقصان ہے، ان سکولوں کے اساتذہ تنگ دستی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں،پنجاب سمیت پاکستان بھر میں 30فیصد تعلیمی ادارے جورینٹ بلڈنگ پر تھے وہ بند ہوچکے ہیں، حکومت فوری طور پر تعلیمی ادارے مکمل طور پر کھولنے کی اجازت دے،ان خیالات کا اظہار صدر جیپس طارق محمود مغل،چیئرمین سپریم کونسل شیخ زبیر سعید،ڈاکٹر عبدالماجد مشرقی،حافظ عمران یعقوب،ڈاکٹر محمد اشفاق جنجوعہ،محمود طفیل سرویا،حافظ سلیم کھوکھر،پروفیسر فیصل ایوب و دیگر نے جناح اایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز کے جنرل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مقررین نے کہا کہ اگرتعلیمی اداروں کے حالات ایسے ہی رہے تو ہمارا لٹریسی ریٹ افغانستان سے بھی نیچے چلاجائے گا، حکومت تمام سکولوں کے اساتذہ کی مکمل ویکس ینیشن اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے باوجود سکول کیوں بار بار بند کرتی ہے،جبکہ ہرطرح کے کاروباری مراکز اپنا کام کررہے ہیں،پوری دنیا کی طرح اب ہمیں بھی کرونا وبا کے ساتھ زندگی گزارنے کا ہنر سیکھ لینا چاہیے،انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تعلیمی بورڈکو حکومت کی طرف سے نئے نئے تجربات کیلئے احکامات دیئے جارہے ہیں جو معمار قوم کا مستقبل تاریکی کی طرف دھکیل دیں گے،خدا راہ تعلیمی اداروں کو اپنا کام کرنے دیں ۔

مزیدخبریں