چشتیاں(نمائندہ خصوصی) ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت کے نتیجہ میں شہریوں کی مشکلات میں دوبارہ اضافہ کرنے کیلئے عرصہ 13 سال قبل رش اور آئے روز حادثات بند کئے گئے سابق منہاج اڈا چشتیاں کا نام تبدیل کرکے دوبارہ کھول دیا گیا‘ نئے نام احمد طلحہٰ ٹریولز کے نام سے این او سی جاری ۔ تفصیلات کے مطابق سابق منہاج اڈا شہر کے عین وسط میں جہاں چشتیاں سے بہاولپور,بہاولنگر اور ہارون آباد کو ملانے والا واحد راستہ ٹی چوک پر بنا ہوا تھا جس سے وہاں چوبیس گھنٹے رش اور روڈ بلاک رہنے سے شہریوں اور مسافروں کا گزرنا محال رہتا۔اور آئے روز حادثات رونما ہونے سے کئی لوگ اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تو اس دور میں چشتیاں کی تاجر تنظیموں اور سول سوسائٹی کے لوگوں نے حکام بالا کو درخواستیں دی اور اس سنگین صورتحال سے آگاہ کیا تو تقریباً 13 سال پہلے اْس وقت کی انتظامیہ نے مزکورہ مہناج اڈا کا این او سی کینسل کرکے اسے مستقل بنیادوں پر بند کر دیا ۔ گزشتہ دنوں انتظامیہ نے مبینہ بھاری رشوت لینے کے بعد انتہائی ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیارہ سال پہلے کینسل ہوکر بند کئے جانے والے سابق منہاج اڈا کا اب نئے نام احمد طلحہٰ ٹریولز کا این او سی جاری کر دیا ہے جبکہ سابق منہاج اڈا لوکیشن ہزاروں افراد کیلئے کسی مصیبت سے کم نہیں ہے اس اڈا سے غلہ منڈی 500 سو میٹر اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال 1000 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور اسی راستے سے ہزاروں لوگوں جن میں سرکاری و غیر سرکاری ملازمین اور چھوٹے و بڑے سکول و کالجز کے طلباء و طالبات کو گزر کر جانا پڑتا ہے چنانچہ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کے سکون کو تباہ کرنے کے منصوبہ کی وجہ سے شہر کے عین وسط میں احمد طلحٰہ ٹریولز کو این او سی جاری کیا ہے۔ چشتیاں کی تاجر تنظیموں اور سول سوسائٹی نے وزیراعظم, وزیراعلیٰ پنجاب،گورنر پنجاب، اور کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نوٹس لیکر احمد طلحہٰ ٹریولز کا این او سی کینسل کیا جائے اور اس جگہ پر این او سی جاری کرنے والے انتظامیہ کے ملوث افسران کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہر کے ہزاروں لوگوں میں پائی جانے والی بے چینی دور ہو سکے۔
چشتیاں‘ 13 سال قبل بند خونیں بس اڈا پھر کھول دیا گیا
Sep 17, 2021