وزیر داخلہ دورہ سیاچن کیلئے اسکردو پہنچ گئے

Sep 17, 2021 | 10:55

ویب ڈیسک

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد دوروزہ سیاچن دورے کے لئے اسکردو پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسکردو ائیرپورٹ پر مقامی انتظامیہ اور گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے حکام نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اپنے دورہ سیاچن میں گیاری اور گیانگ سیکٹرز کا دورہ کرینگے۔وزیر داخلہ گیاری سیکٹر میں یادگار شہداء پر حاضری اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرینگے۔ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ گیاری اور گیانگ سیکٹرز میں بارڈرز پر موجود پاک فوج کے جوانوں سے ملاقات بھی کر ینگے۔

واضح رہےکہ اس سے قبل رواں سال جولائی میں بھی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جی بی اسکاؤٹس 114  ونگ ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا تھا اوراس موقع پر یادگاری پودا بھی لگایا تھا۔

یاد رہےکہ گزشتہ روز شیخ رشید احمد سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فیلپو گرانڈی نے ملاقات کی تھی۔ملاقات میں افغانستان سے انخلا اورافغان شہریوں کے لئے انسانی امداد سے متعلق بات چیت کی گئی۔ملاقات کے دوران اتفاق کیا گیا کہ افغان شہریوں کو موجودہ حالات میں تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔انسانی بنیادوں پر افغان شہریوں کے لئے خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کا بندوبست کیا جائے گا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمسایہ ملک افغانستان میں پائیدار امن کا خواہشمند ہے۔طالبان کو حکومت سازی اور ملکی امور چلانے میں وقت دینا چاہئے، دنیا کو افغانستان میں زمینی حقائق سمجھنے کی ضرورت ہے، طالبان کو افغانستان میں گورننس کے لئے مالی اور انسانی وسائل یقینی بنانا ہوں گے۔ طالبان کے زیر حکومت افغانستان کی ایک ہی دن میں یورپ کی طرح ترقی ممکن نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مہاجرین افغانستان میں ممکنہ انسانی قحط بدامنی اور لاقانونیت کو جنم دے سکتا ہے۔ انسانی ہمدردی کے تحت خوراک اور ادویات کے ٹرک اور جہاز افغانستان بھیجے ہیں۔ موجودہ حالات میں پاکستان افغان شہریوں کی انسانی ہمدری کی بنیاد پر امداد جاری رکھے گا۔ حالیہ تناظر میں پاکستان میں نہ کوئی افغان مہاجر ہے نہ ہی مہاجر کیمپ، افغانستان سے غیر ملکی اور افغان شہریوں کو نکالنے کے لئے سہولت مرکز 24 گھنٹے کام کررہا ہے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کا کہنا تھا کہ پاکستان کا 30 لاکھ افغان مہاجرین کی مسلسل دیکھ بھال میں کردار قابل رشک ہے، اقوام متحدہ افغان شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔ان کی ہر ممکن مدد کریں گے، افغانستان کے لئے فنڈز اورامداد کےلئے اقوام عالم کو متحرک کیا ہے، یو این عملے کی سیکیورٹی اور ویزہ سہولیات فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کے مشکور ہیں۔

مزیدخبریں