جی سی سی کی وزارتی کونسل کا الریاض میں 149 واں اجلاس

 خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کی وزارتی کونسل کا جمعرات کو سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں 149 واں اجلاس ہورہا ہے۔کونسل کے موجودہ چیئرمین اوربحرین کے وزیرخارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی اس اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔جی سی سی کے سیکرٹری جنرل نایف فلاح الحجرف بھی اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔انھوں نے قبل ازیں ایک بیان میں کہا کہ وزارتی کونسل کئی موضوعات پرتبادلہ خیال کرے گی۔ان میں سپریم کونسل کے ان فیصلوں پرعمل درآمد کا جائزہ بھی شامل ہے جو رواں سال کے اوائل میں سعودی عرب کے شہر العلاء میں منعقدہ اکتالیسویں سربراہ اجلاس میں جاری کیے گئے تھے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق الحجرف نے بتایا کہ دوالگ الگ اجلاس منعقد ہوں گے۔ پہلی ملاقات میں جی سی سی ممالک کے وزرائے خارجہ یمن کے وزیرخارجہ کے ساتھ اکٹھے ہوں گے جبکہ دوسرے اجلاس میں جی سی سی کے وزرائے خارجہ اور عراق کے وزیر خارجہ مل بیٹھیں گے۔مملکت کے قدیم شہر العلاء میں جنوری میں پہلی مرتبہ خلیجی رہ نماؤں کاسربراہ اجلاس منعقد ہوا تھا۔اس میں امیرقطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بھی شرکت کی تھی اوراس موقع پر چارعرب ممالک سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، مصر اور بحرین نے قطر کے ساتھ جاری بحران کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن