دنیا کے سب سے بڑے پاوں کے لیے جوتے تیار

Sep 17, 2021 | 14:43

ویب ڈیسک

جرمنی میں دنیا کے سب سے بڑے پاﺅں کیلئے جوتے تیار کر لیے گئے ‘ان جوتوں کا سفر جنوبی امریکا کے شہر کراکس میں جا کر اختتام پذیر ہوگا کیوں کہ اس شہر کے مضافات میں ایک ایسا شخص رہتا ہے، جس کے پاوں دنیا میں سب سے بڑے ہیں۔ جرمنی کے اس ماہر موچی کے گاہک دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں۔جرمنی کے علاقے میونسٹرلانڈ کے کشف دوز گیورک ویسلز عام لوگوں کے بجائے ایسے خاص لوگوں کے لیے جوتے تیار کرتے ہیں، جنہیں دنیا بھر کی دکانوں سے اپنے غیر معمولی پیروں کے لیے مناسب جوتے نہیں ملتے۔ جرمنی کے اس موچی نے جوتوں کے حوالے سے کئی عالمی ریکارڈ اپنے نام کر رکھے ہیں۔دنیا کے سب سے بڑے پیروں کے لیے جوتے تیار کرنے کے لیے گیورک ویسلز نے رواں برس مئی میں جنوبی امریکا تک کا سفر کیا تھا تاکہ وہاں موجود ایک سترہ سالہ لڑکے کے پاوں کا ناپ لے سکیں۔ اس لڑکے کے جوتوں کا سائز 66 نمبر ہے اور یہ لاطینی امریکی ملک وینزویلا کے شہر کراکس کے مضافات میں رہتا ہے۔گیورک ویسلز کے مطابق اس نوجوان کو ایکرومیگلی نامی بیماری ہے۔

یہ پیٹیوٹری غدود کا ایک ایسا کینسر ہے، جس میں پاوں اور ہاتھ غیرمعمولی طور پر بڑھنا شروع ہو جاتے ہیں۔گیورک ویسلز کے مطابق نوجوان جیسن روڈریگوئز کے پاوں 44 سینٹی میٹر لمبے ہیں اور گزشتہ دس برسوں سے اس نے جوتے نہیں پہنے۔ معلوم ریکارڈ کے مطابق ابھی تک دنیا میں کوئی ایسا شخص نہیں ہے، جس کے پاوں 44 سینٹی میٹر لمبے ہوں۔ گیورک ویسلز بڑے سائز کے جوتے تیار کرنے کے ماہر مانے جاتے ہیں اور دنیا کے سب سے دراز قد شخص سلطان گوئزن کے جوتے بھی یہی تیار کرتے ہیں۔جیسن روڈریگوئز اب کراکس سے تقریبا ایک گھنٹہ دوری پر جرمنی سے آنے والے اپنے ان خاص جوتوں کا انتظار کر رہا ہے۔ گیورک ویسلز کو اس نوجوان کا علم ایسے ہوا تھا کہ متاثرہ لڑکے کے خاندان نے انہیں تصاویر بھیجی تھیں اور اس حوالے سے مدد کرنے کے لیے کہا تھا۔ ان تصاویر کی مدد سے گیورک ویسلز صحیح ناپ نہیں لے سکتے تھے اور اسی وجہ سے انہیں خود وینزویلا جانا پڑا۔

مزیدخبریں