کراچی (کامرس رپورٹر ) امریکی ڈالر کی بلندیوں کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا۔ انٹر بنک میں 96پیسے مہنگا ہو گیا۔ تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی۔ فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز انٹر بنک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت 235.88روپے سے 237.84روپے ہو گئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت241روپے پر برقرار رہی۔ دوسری طرف ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا سستا ہو گیا۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 850روپے کی کمی سے ایک تولہ سونے کی قیمت 1لاکھ 55ہزار روپے، اسی طرح 728روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ 32ہزار 888روپے ہوگئی جبکہ عالمی مارکیٹ میں 19ڈالر کی کمی سے فی اونس سونا 1667ڈالر ہو گیا۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج میں رواں کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار میں تیزی کے بعد رجحان مندے میں تبدیل ہو گیا، کے ایس ای 100انڈیکس 41900پوائنٹس کی سطح کو چھونے کے بعد منفی زون میں آگیا اور کے ایس ای 100انڈیکس 41600پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوا۔ کاروباری مندے کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 30ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔