امدادی کارروائیوں کا جائزہ،  نیول چیف کاسجاول،ملحقہ علاقوں کا دورہ 

Sep 17, 2022

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے سجاول اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نیول چیف کو جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف کو سیلاب زدہ علاقوں کی صورتحال کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کی جانب سے جاری امدادی اور بحالی کے آپریشنز کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔ نیول چیف نے مون سون میں موسلادھار بارشوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان کا ذکر تے ہوئے مسلسل کوششوں اور تعاون سے قدرتی آفات جیسے چیلنجز پر قابو پانے کے عزم پر زور دیا انھوں نے سیلاب میں تعینات جوانوں کے ساتھ ملاقات کی اور سیلاب متاثرین کی بروقت امداد کو یقینی بنانے پر ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو سراہا۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے سول انتظامیہ اور مختلف مخیر حضرات اور تنظیموں کی جانب سے اپنے غمزدہ بھائیوں کی مسلسل مدد کو بھی سراہا۔پاک بحریہ مصیبت زدہ ہم وطنوں کی بحالی تک ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ 

مزیدخبریں