راولاکوٹ (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) کی جانب سے ریہاڑہ، راولاکوٹ، آزاد کشمیر میں پاکستان کشمیر کیڈٹ کالج کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم وصدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان، سردار شاہ زیب، سردار اظہر، چوہدری مقبول گجر، سردار امتیاز، شوکت فرید، یاسر سلطان اور امجد جلیل بھی تقریب میں موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زمرد خان نے کہا کہ اب کشمیر کی جنت نظیر وادی میں یتیم بچوں کا پہلا فری کیڈٹ کالج بننے جارہا ہے۔ جس میں ہزاروں میرے کشمیر کے بیٹے بہترین تعلیم و تربیت حاصل کریں گے۔ جن کی تعلیم، رہائش، کھانا اور یونیفارم سمیت سب کچھ مفت ہوگا۔ ایک دن آئے گا جب اسی کیڈٹ کالج سے پڑھنے والے میرے بیٹے وطن عزیز کی سرحدوں کے محافظ بنیں گے اور ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔ سابق وزیراعظم و صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان نے کہا کہ ہم زمرد خان کے انتہائی مشکور ہیں اور انہیں کشمیر میں اس عظیم مشن کی بنیاد رکھنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آج اس دھرتی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے کہ زمرد خان نے پاکستان کشمیر کیڈٹ کالج کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ جس سے ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت اور بہترین تعلیم و تربیت ہوگی۔
سنگ بنیاد