اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ بخار میں استعمال ہونے والی ادویات کی قلت کو دور کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات پیناڈول اور پیراسٹامول کی دستیابی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں دوا ساز صنعت کاروں نے دوا کی پیداوار دوبارہ شروع کرنے کے لئے یقین دہانی کرائی ہے۔ اجلاس میں فارماکمپینوں، مینوفیکچررز، سپلائرز اور حکام نے بھی شرکت کی۔ پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے سربراہ قاضی منصور دلاور نے کہا کہ حکومت نے بخار کی دوائی کی قیمت کا معاملہ حل کرانے اور کمپینوں کا پیراسٹامول کے خام مال کی قیمت میں 10فی صد کمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس سلسلہ میں ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف ڈریپ ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے لوکل پیراسٹامول ساز کمپنیز کو پیراسٹامول کی ازسرنو تیاری کی اپیل کی ہے ، لوکل پیراسٹامول ساز کمپنیز کو ازسرنو پیداوار پر بڑی سہولت ملے گی،کمپنی کو محدود مدت میں 15 ہزار پیراسٹامول پیکٹس تیار کرنا ہونگے، کمپنی کو 30لاکھ پیراسٹامول گولیاں مارکیٹ میں لانا ہونگی، ٹاسک جیتنے پر کمپنی ایک فارما پراڈکٹ کی فوری رجسٹریشن کرا سکے گی، ذرائع کے مطابق ڈریپ ٹاسک جیتنے والی کمپنی کی ایک پراڈکٹ بغیر کیو رجسٹرڈ کرے گی، 70کمپنیز کے پاس پیراسٹامول گولی کی تیاری کا لائسنس ہے۔
30 لاکھ پیرا سیٹامول مارکیٹ میں لاکر نئی پراڈکٹ کی رجسٹریشن کرائیں: ڈریپ
Sep 17, 2022