حضرت علی ہجویریؒ کے درس محبت میں معاشرتی‘ معاشی ترقی کا راز مضمر: منور جماعتی


لاہور (خصوصی نامہ نگار) حضرت سید علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش نے ہمیشہ محبت و اخوت کا درس دیا۔ آپ  کے درس محبت و اخوت میں ہی معاشرتی‘ معاشی اور سماجی ترقی کا راز مضمر ہے۔ ہمیں بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے سید علی ہجریری المعروف داتا گنج بخشؒ کے 979  ویں سالانہ عرس کی مناسبت سے مقامی ہال میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں مشائخ عظام اور علماء کرام‘ مریدین‘ متعلقین‘ متوسلین اور عقیدت مندان موجود تھے۔ نقابت کے فرائض حافظ شفیق جماعتی نے ادا کئے جبکہ قاری افضال سمیت دیگر نعت خواں حضرات نے عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ سید منور حسین شاہ جماعتی نے مزید کہا کہ حضرت داتا گنج بخش اور اللہ کی برگزیدہ ہستیوں کے افکار کو اپنا کر ہم اسلامی ریاست کی تشکیل کیلئے بہتر انداز میں کام کر سکتے ہیں۔ حضور داتا گنج بخش نے ساری زندگی اسلام کی تبلیغ و اشاعت کیلئے تاریخ ساز اور روشن کردار ادا کیا۔ آپ کا آستانہ فیض نہ صرف برصغیر بلکہ پوری اسلامی دنیا میں قدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن