اسلام آباد (اے پی پی)امریکہ سے سیلاب زدگان کے لئے مزید تین پروازیں امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکہ کی جانب سے سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں کے لیے اب تک مجموعی طور پر 18 پروازیں پاکستان پہنچ چکی ہیں۔امداد لے کر ایک پرواز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر اتری اور دو پروازیں سکھر ایئرپورٹ پر اتریں۔ ان امدادی پروازوں میں پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر آپریشن کے لیے امدادی سامان پہنچانا ہے۔ پاکستان نے امریکہ کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے انسانی امداد کی فراہمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امریکہ سے اظہار تشکر کے ساتھ کیا ہے۔
سیلاب زدگان کے لئے بیرون ملک سے امدادی پروازوں کی آمد جاری ہے، اب تک104 پروازیں متاثرین کے لئے امدادی سامان لیکر پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق سیلاب زدگان کے لئے گزشتہ رات تک متحدہ عرب امارات سے 39، ترکیہ سے 13، چین سے 4، ازبکستان سے ایک، قطر سے چار، فرانس سے ایک، یونیسیف کی دو، اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارہ( یو این ایچ سی آر) کی متحدہ عرب امارات سے چلائی جانے والی 13 پروازیں، ترکمانستان سے ایک، اردن کی ایک، عالمی ادارہ خوراک کی تین، امریکہ کی 18، برطانیہ کی ایک، نیپال کی ایک اور سعودی عرب کی دو پروازیں امدادی سامان لیکر پاکستان پہنچی ہیں۔