وزارت خارجہ کی متعدد ممالک کے رہائشی سفارتی مشنز کو سی پیک پر بریفنگ

Sep 17, 2022

 
اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)وزارت خارجہ نے مشرقی و وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک کے رہائشی سفارتی مشنز کو چین پاکستان اقتصادی راہداری پر بریفنگ دی۔تفصیلات کے مطا بق دو روزہ 15 اور 16 ستمبر 2022 کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری (ایشیا پیسیفک) نے کی ۔ پینل میں وزارت منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سینئر حکام بھی شامل تھے۔ بریفنگ کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری نے سی پیک کے بنیادی ویژن بتایا جو کہ پاکستان کی رابطے کی خواہش کے مطا بق وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور مشرقی ایشیائی خطے کے ساتھ روابط کو گہرا کرنے میں دلچسپی پر مبنی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک نے پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ میں ایک نئی جہت کا اضافہ کیا ہے جو باہمی افہام و تفہیم اور احترام پر مبنی ہے۔پاکستان سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کو مضبوط بنانے اور خصوصی اقتصادی زونز میں مواقع پر غور کرنے کے لیے دنیا بھر کے ترقیاتی شراکت داروں اور کاروباری اداروں کا خیرمقدم کرتا ہے۔بریفنگ کے دوران وزارت خارجہ اور متعلقہ سرکاری محکموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شریک سفارتی مشنز نے اقتصادی تعاون کو بڑھانے میں باہمی دلچسپی کی پاسداری پر زور دیا۔

مزیدخبریں