اسلام آباد؍ لاہور؍ رائیونڈ (نامہ نگار+ خبرنگار+ نمائندہ نوائے وقت) ڈی سی لاہور محمد علی نے سرکاری و نجی سکولوں میں ڈینگی کے زیرو پیریڈ کی چیکنگ کی اور ڈینگی کے بارے میں روزانہ بچوں کو آگاہی نہ دینے پر سرکاری سکول کے ہیڈ ماسٹر سمیت دو اساتذہ کو شوکاز نوٹسز جاری کیے۔ ڈی سی لاہور نے صبح سویرے گورنمنٹ مڈل سکول فار بوائز کینال پارک کے دورہ پرکیا۔ ہیڈ ماسٹر سمیت دو اساتذہ کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔ نجی سکولوں میں ڈینگی آگاہی نہ دینے پر ڈی سی لاہور نے ان کو سیل کرنے کا اعلان کر دیا۔ ڈی سی لاہور محمد علی کی زیر صدارت اجلاس میں بریفنگ دی گئی۔ 24 گھنٹوں میں 44 کمرشل کاروباری مقامات سے ڈینگی لاروا ملنے پر مقدمات کا اندراج کروایا گیا اور موقع پر مالکان کو گرفتار کروایا گیا۔ 1627 کاروباری مقامات اور گھروں کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں اور دو کمرشل عمارتوں کو سیل کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اسلام آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 1056 تک پہنچ گئی ہے۔ اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 113 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پمز ہسپتال میں ڈینگی کے 155 مریض زیر علاج ہیں۔ قومی ادارہ برائے صحت اور دیگر قومی اداروں نے ڈینگی کے کسی نئے ویریئنٹ کی تردید کر دی ہے۔ این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ڈینگی وائرس کے 4 سیرو ٹائپ ہیں۔ کوئی نیا اسٹرین یا ویریئنٹ سامنے نہیں آیا۔ رائیونڈ کے رہائشیوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کی نااہلی کی وجہ سے شہر اور گردونواح میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافہ ہونے سے طبی ماہرین کو تشویش لاحق ہو چکی ہے۔ شہر کے اکلوتے ہسپتال میں ڈینگی وارڈ قائم تو کردی گئی ہے لیکن انسداد ڈینگی کیلئے محکمہ صحت کی ٹیمیں منظر عام سے غائب ہو چکی ہیں۔
ڈینگی بڑھنے لگا، نئے ویریئنٹ کی تردید، لاہور میں چھاپے، 44 مقدمات
Sep 17, 2022