سیلاب متاثرین کی بحالی، وزیراعظم چاروں صوبوں کو ساتھ لیکر کوشش کر رہے ہیں: گورنر 

Sep 17, 2022


لاہور (کامرس رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ پولٹری  پاکستان سمیت دنیا کی اہم انڈسٹری ہے۔ اس انڈسٹری کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہیے، پولٹری ایسوسی ایشن کی تجاویز  وفاقی حکومت تک پہنچائوں گا، پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے جو حالات ہیں اس  سے دل رنجیدہ ہے، تین کروڑ افراد بے گھر ہیں، متاثرین کی بحالی اور ضروریات کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے، وزیراعظم چاروں صوبوں کو ساتھ لے کر کوشش کر رہے ہیں، دنیا بھی اس بات کا اب اعتراف کر رہی  سیلاب کی تباہ کاری بہت زیادہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو میں منعقدہ انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو کے دوسرے روز شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نیوز رپورٹر کے مطابق  بلیغ الرحمان سے گورنر ہائوس لاہور میں پاکستانی ڈیف کرکٹ ٹیم اور ویٹ لفٹرز کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلیغ الرحمان نے کہا عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی قوم کے ہیرو اور ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ آپ نے سری لنکا ڈیف کرکٹ ٹیم کو شکست دے کر پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ جیسے باہمت افراد دوسروں کے لئے ایک مثال ہیں۔ حکومت نے سپیشل افراد کے لیے سرکاری ملازمتوں میں خصوصی کوٹہ رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے محکمانہ سپورٹس کو بحال کر دیا ہے۔

مزیدخبریں