کراچی میں بلاتفریق ترقیا تی کا موں کا آ غاز کر دیا ، پیپلزپارٹی

Sep 17, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ آنے والے 2 این اے کے حلقوں اور کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی بھرپور انداز میں الیکشن میں نہ صرف حصہ لے گی بلکہ ان دونوں انتخابات میں بھرپور کامیابی بھی حاصل کرے گی۔ پیپلزپارٹی کی موجودہ سندھ حکومت نے بلا کسی تعصب اور علاقوں کو دیکھے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا ہے اور جلد ہی باقی مانندہ اے ڈی پی اسکیموں پر بھی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ بلدیاتی انتخابات میں جن جن یوسیز میں پیپلزپارٹی نے اپنے امیدوار نامزد کئے ہیں اگر کوئی ان کے خلاف پارٹی کا کارکن یا ذمہ دار آزاد حیثیت میں کھڑا ہے اس کو بٹھایا جائے گا بصورت دیگر اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کا اہم اجلاس صدر کراچی ڈویژن و وزیر محنت وافرادی قوت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و معاون خصوصی وزیر اعلی سندھ وقار مہدی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری سندھ و صوبائی وزیر بلدیات  سید ناصر حسین شاہ،  جنرل سیکٹریری کراچی ڈویژن جاوید ناگوری،  خواتین ونگ کی صدر ڈاکٹر شاہدہ رحمانی و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ اجلاس میں 16اکتوبر کو کراچی کے دو حلقوں ملیر اور کورنگی میں ہونے والے این اے کے ضمنی انتخابات اور 23اکتوبر کو کراچی ڈویژن میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعید غنی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو جبکہ کراچی کے دو ضمنی حلقوں ملیر اور کورنگی میں 16اکتوبر کو ہوں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہمارے پاس مزید تیاری کے لئے ایک ماہ کا وقت ضمنی اور مزید ایک ہفتہ بلدیاتی انتخابات کے لئے ہے۔ وقار مہدی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جن جن یونین کونسلز میں پارٹی کے خلاف جو جو امیدوار کھڑے ہیں اور ان کا تعلق یا تو پارٹی سے ہی ہے یا آزاد ہیں ان سے بات چیت کرکے ان کو اس بات پر آمادہ کیا جائے کہ وہ پیپلز پارٹی کے پرچم تلے ایک ہوجائیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پارٹی کی واضح پالیسی ہے کہ پارٹی کے نامزد امیدوار کے مدمقابل اگر کوئی ایسا امیدوار جو پارٹی کا کارکن یا عہدیدار ہے اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

مزیدخبریں