کوونٹری یونیورسٹی کے وفد کی وائس چانسلر جامعہ کراچی  سے ملاقات


کراچی (نیوز رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے انگلینڈ کی کوونٹری یونیورسٹی(ریسرچ) کے ڈپٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رچرڈ ڈیش ووڈ کی سربراہی میںوفد کی جمعہ کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں ملاقات،دوران ملاقات باہمی اشتراک اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی ۔وفد نے کہا کہ جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں زیر تعلیم ریسرچ اسکالرز سے وہ اپنے علمی اور تحقیقی تجربات شیئر کرنا چاہتے ہیں جس پر ڈاکٹر خالد عراقی نے انہیں خوش آمد ید کہتے ہوئے کہا کہ اس طرح ہمارے نوجوان ریسرچرز کو سیکھنے کے بہترین مواقع میسر آئیں گے ۔  ڈاکٹر رچرڈ ڈیش ووڈ نے مزید کہا کہ وہ جامعہ کراچی کے طلبہ کوفنڈز فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک  میں تعلیم کے خواہشمند طلبہ کی مددکرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔انہوں نے مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں پر بھی زوردیا اورکہا کہ کوونٹری یونیورسٹی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی میں داخلہ لینے والے طلبہ کو اعلیٰ اور معیاری تحقیق کے لئے بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ معاشرے کی بہتری کے لئے کام کرسکیں۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے انہیں جامعہ کراچی میں ہونے والی تحقیقی وتدریسی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بتایا جس کو وفد نے سراہا۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ بین الاقوامی جامعات سے اشتراک اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ ناگزیر ہوگیاہے۔

ای پیپر دی نیشن