کراچی (نیوز رپورٹر) جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے کہا
کہ بر صغیر پاک و ہند میں اسلام کی اشاعت اولیائے کرام کے مرہون منت ہے ۔حضرت داتا گنج بخش اسلام کے عظیم مبلغ ،آسمان تصوف کا روشن ستا رہ ہیں ۔ صوفیاء نے حسن کردار سے اسلام کا پرچم سربلند کیا آپ ؒکی تعلیمات کو فروغ دے کر معاشرے سے تعصب ، تنگ نظری ، اور انتہا پسندی کو ختم کیا جا سکتا ہے ۔حضور داتا صاحب کی تصنیف کشف المحجوب حکمت و دانائی کا خزینہ، تشنگانِ تصوف کیلئے بہترین رہنماء ہے ۔ انہوں نے حضرت سیدنا داتا گنج بخش علی ہجویری ؒ کے عرس کی مناسبت سے میمن مسجد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مزارات میں آرام فرما اولیاء کرام کا مشن زندگی بھر انسانیت کی خدمت ہی رہا ،عوام کے دلوں سے صوفیاء کی محبت نہیں نکالی جا سکتی ۔ داتا صاحب کا مزاراقدس صدیاں گزرجانے کے باوجود آج بھی فیوض وبرکات کا مرکز ہے جہاں پر لوگوں کو دِلی سکون ملتا ہے۔شاہ عبد الحق کا مزید کہنا تھا کہ داتا صاحب فرماتے کہ صوفی وہ ہے جس کے ایک ہاتھ میں قرآن ہو اور دوسرے ہاتھ میں سنت ِ رسول ہو۔ انھوں نے کہا کہ سیدنا داتا علی ہجویری ؒ کی تعلیمات نصاب تعلیم میں شامل کی جائیں تاکہ نسل نو میںانتہا پسندی کا خاتمہ ہو اورصوفیاء عظام کا پیغام محبت عام ہوسکے ۔ اولیا ء کرام نے حسن اخلاق کے ساتھ دین کی ترویج و اشاعت کی ان کا کردار امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں آج ضرورت اس امرکی ہے اولیاء کرام کی تعلیمات کی روشنی میں اسلام کا پیغام رحمت عام کیا جائے۔
داتا علی ہجویریؒ عظیم مبلغ ،آسمان تصوف کا روشن ستا رہ ہیں‘ شاہ عبد الحق
Sep 17, 2022