چہلم کے مرکزی جلوس کا سیکیورٹی پلان 2996افسران و جوان تعینات

Sep 17, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کے مرکزی جلوس کا سیکیورٹی پلان جاری کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ہفتے کو شہدائے کربلا کے چہلم کے مرکزی جلوس کے موقع پر پولیس کے 2996افسران اور جوان سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔ اس کے علاوہ ریپڈ رسپانس فورس کے 375 افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ جلوس کے اطراف اور گزرگاہوں پر پولیس کے ماہر نشانہ باز تعینات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کیلئے 1 ہزار ٹریفک اہلکار تعینات ہوں گے۔ٹریفک پولیس کے مطابق ناظم آباد سے ایم اے جناح روڈ کی طرف آنے والے ٹریفک لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ اور گارڈن کی جانب موڑ دیا جائے گا۔ جو ٹریفک لیاقت آباد سے ایم اے جناح روڈ کی جانب آتا ہے اس کو تین ہٹی چوک سے مارٹن روڈ اور جیل چورنگی کی جانب موڑا جائے گا۔اسٹیڈیم روڈ سے ایم اے جناح روڈ کی جانب آنے والے ٹریفک کو نیو ایم اے جناح روڈ جانے کی اجازت ہوگی۔ہر چھوٹی یا بڑی ٹریفک کو گرومندر چوک سے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ چہلم کے جلوسوں میں شرکت کرنے والے اعزاداروں کو مکمل سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔عوام سے اپیل ہے کہ اپنے اردگرد نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک اور غیر معمولی صورت حال سے پولیس کو مددگار 15 پر فوری اطلاع دیں۔عوام کے جان و مال کی حفاظت اور امن وامان کی بحالی کیلئے کراچی پولیس اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

مزیدخبریں