اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان میں سٹارٹ اپس نے 2022 کے پہلے آٹھ مہینوں میں 320 ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کو راغب کیا ۔ سٹارٹ اپس کلچر کو فروغ دینے کیلئے حکومت قواعد و ضوابط میں نرمی اور ٹیکسوں میںسہولیات سے سرمایہ کاروں کی مدد کر رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق گھمبیر معاشی صورتحال کے باوجودپاکستان میں سٹارٹ اپس بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں کیونکہ انہوں نے کیلنڈر سال 2022 کے پہلے آٹھ مہینوں میں 320 ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کو راغب کیا ہے۔پاکستان میں سٹارٹ اپ کا کلچر مقبول ہو رہا ہے کیونکہ اس طرح کے منصوبوں کی تعداد اور کیپٹل پورٹ فولیو دونوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ 2021 میں اسٹارٹ اپس میںعالمی سرمایہ کاری 364 ارب ڈالر تھی کیونکہ دنیا بھر کے سرمایہ کاروں نے اپنا پیسہ ابھرتے ہوئے کاروباروں میں لگایا ہے۔ یہ 2020 میں 66.4 ملین ڈالر سے 450 فیصد کی بلند ترین سطح تھی۔وینچر کیپیٹل کے ذریعے اسٹارٹ اپس کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے حکومت پاکستان قواعد و ضوابط میں نرمی اور ٹیکسوں اور دیگر سہولیات سے سرمایہ کاروں کی مدد بھی کر رہی ہے۔سٹیٹ بنک آف پاکستان نے سٹارٹ اپس کو غیر ملکی سرمایہ کاروں سے کنورٹیبل قرض کے ذریعے قرض حاصل کرنے کی اجازت دینے میں ایک بڑی رکاوٹ کو بھی دور کر دیا ہے۔