لاہور( کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ اور ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پیکیجنگ انڈسٹری کو فوری صنعت کا درجہ دیا جائے۔آن لائن کاروبار اور ای کامرس کے آنے اور وسیع پیمانے پر مقبولیت نے پیکیجنگ سیکٹر کی اہمیت اور قدر کو بڑھا دیا ہے۔ پاکستان کی تمام ایکسپورٹ انڈسٹری پیکیجنگ کیلئے مقامی صنعت سے ہی استفادہ حاصل کر رہی ہیں۔ پاکستان کی پیکیجنگ انڈسٹری بین الاقوامی معیار کے مطابق کام کر رہی ہے۔ اس دور میں کوئی بھی ملک امپورٹ اور ایکسپورٹ کے بغیر چل نہیں سکتا اورکوئی بھی انڈسٹری پیکیجنگ سیکٹر کے بغیر نہیں چل سکتی ہے۔ پیکیجنگ انڈسٹری تمام صنعتوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ پیکیجنگ انڈسٹری پاکستان کے ایک اہم اور تخلیقی شعبوں میں سے ایک ہے کیونکہ یہ برآمد پر مبنی اور گھویلو صنعتوں کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے۔ پیکیجنگ انڈسٹری ٹیکسٹائل کے بعد پاکستان کی 5ویں سب سے بڑی صنعت ہے اور ہندوستان کے بعد جنوبی ایشیا کی دوسری بڑی صنعت ہے۔انہوں نے کہاکہ ہر طرح کے پیکیجنگ میٹریل اور مصنوعات جیسے کاغذ،گتے،ریپنگ فلم،ٹیپ،پلاسٹک،کلاس،دھات اور لکٹری پاکستان میں تیار کی جارہی ہے۔پچھلے کچھ سالوں میں جدت اور ماحول دوست پیداوارمیں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔پاکستان میں مصنوعات کی فزیکل اور کیمیائی خصوصیات کے مطابق پیکیجنگ کے شعبہ میں نئی ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مگربد قسمتی سے آج تک اس کو صنعت کا درجہ نہیں دیا گیا ہے۔حکومت سے درخواست ہے کہ پیکیجنگ انڈسٹری کو صنعت کا درجہ دیا جائے۔اس عمل سے زیادہ سے زیادہ لوگ ٹیکس نیٹ میں آئیں گئے جس سے حکومت کی آمدنی میں اضافہ ہو گا۔
ُُپیکجینگ انڈسٹری کو صنعت کا درجہ دیا جائے ایف سی آئی
Sep 17, 2022