سہون شریف (نامہ نگار) سیہون منچھر جھیل کی سطح آب کم ہونے لگی جھیل میں پانی کی سطح ۱۲۲ آ ر ایل سے کم ہوکر ۵۔۱۲۱ آر ایل ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق منچھر جھیل کی سطح آب میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے ۔ گزشتہ روز جھیل میں پانی سطح ۱۲۲ آ ر ایل سے کم ہوکر ۵۔۱۲۱ آر ایل تک پہنچ گئی ہے ۔جبکہ سہون تحصیل کی 10 یونین کونسلوں کے سینکڑوں متاثر دیہاتوں سے سیلابی پانی کی سطح میں بھی دو فٹ کی کمی واقع ہوئی ۔مذکورہ یوسی کے مختلف دیہات کرم پور ،باغ یوسف ،آراضی ،بوبک بلھن ،بھوتڑا ،سبیل ،میاں موٹن ،ٹندو شہبازی ،سبیل ،بختیار پور ،احمد بھلائی ،کرم خان بوزدار ،بنگل خان ،حمزہ خان بوزدار،طالب رودھرانی گنبھیرکوڑو خان بروہی ساون خان پنہور ،گھلپور ،پکا چنہ ،بچل چنہ دلاور جتوئی سمیت دیگر دیہاتوں سے پانی کا دبائو کم ہورہا ہے۔ دوسری طرف سندھو دریاء میں سظح آب کم ہونے کے باعث منچھر جھیل کا سیلابی پانی ایک لاکھ کیوسک سے زیادہ خارج ہورہا ہے ،منچھر کے سطح میں کمی کے بعد سہون کی دو یونیں کائونسلوں جھانگارہ اور باجارہ کا سیوھن سے زمینی رابطہ بحال ہوگیا۔ تاہم ایل ایس بچائو بند پر لگائے کٹ والی جگہوں پر سرکاری کشتیاں نہ ہونے کے باعث نجی کشتیوں کے مالکان سیلاب متاثرین سے ۲۰۰ سے تین سو روپے تک کرایہ وصول کررہے ہیں جس کی باعث متاثرین کی پریشانیوں میں اضافہ ہورہا ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے ایسی صورتحال کا کوئی نوٹس نہیں لیا ہے جس کے باعث سیلاب متاثرین اذیت سے دو چار ہیں انہوں نے مطالبہ کیا ہے فوری طور پر سرکاری کشتیا ں مہیا کی جائیں تاکہ متاثرین کی پریشانی دور ہوسکے ۔