کراچی (اسپورٹس رپورٹر)کراچی ٹیپ بال پریمئر کرکٹ لیگ سیزن ٹو میں تیمور مرزا کی جانب سے چھکوں کی بارش کا سلسلہ جاری ہے انہوں نے گلشن گوہر کو ایک اور کامیابی دلا کر پوائنٹس ٹیبل پر ایک بار پھر پہلی پوزیشن پر پہنچا دیالیاری لیجنڈز نے جوہر جوانز کو مات دی،اصغر علی شاہ اسٹیڈیم پر جاری کے ٹی پی ایل سیزن ٹو کے ساتویں روز گلشن گوہر نے ملیر ملنگز کو 52رنز سے اور لیاری لیجنڈز نے جوہر جوانز کو 76رنز سے ہرا دیا،تیمور مرزا مسلسل تیسری بار مین آف دی میچ قرار پائے۔ ہاٹ فیورٹ گلشن گوہر نے ملیر ملنگز کو 52رنز سے شکست دے دی۔گلشن گوہر نے پہلی اننگز میں 132رنز اسکور کئے،اس کی جانب سے تیمور مرزا نے 27گیندوں پر پانچ چوکوں اور 9چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست81رنز اسکور کئے۔جواب میں ملیر ملنگز نے باسط لیفٹی کے51رنز کی بدولت 97رنز بنائے۔35رنز کی سبقت لینے کے بعد گلشن گوہر نے دوسری اننگز میں 94رنز بناکر ملیر ملنگز کو 130رنز کا ہدف دیا تاہم ملیر ملنگز کی ٹیم پانچ وکٹوں پر77رنز ہی بنا سکی۔تیمور مرزا ایک بار پھر مین آف دی میچ قرار دیئے گئے۔دوسرے میچ میں لیاری لیجنڈز نے جوہر جوانز کو 76رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر اہم کامیابی سمیٹ لی۔لیاری لیجنڈز نے پہلی اننگز میں 89رنز اسکور کئے جوا ب میں جوہر جوانز کی ٹیم 67رنز بناکر 22رنز کے خسارے میں رہی۔لیاری لیجنڈز نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 131رنز بناکر 153رنز کی مجموعی سبقت حاصل کر لی،اشرف پٹھان نے 65اور نظار لیفٹی نے 48رنز بنائے۔154رنز کے ہدف کے تعاقب میں جوہر جوانز کی ٹیم 9وکٹوں پر77رنز بنا سکی۔اشرف پٹھا ن کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔
نیوزی لینڈ کے آل راﺅنڈر جمی نشیم کا سنٹرل کنٹریکٹ لینے سے انکار
کراچی(اسپورٹس ڈیسک )نیوزی لینڈ کے آل راونڈر جمی نیشم نے بورڈ کی جانب سے سنٹرل کنٹریکٹ لینے سے انکار کردیا ہے جس کی اہم وجہ بھی سامنے آگئی ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق کیوی آل راونڈر جمی نیشم کو بورڈ نے سنٹرل کانٹریکٹ کی پیشکش کی تھی، لیکن انہوں نے معاہدہ کرنے سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے پہلے سے غیر ملکی ڈومیسٹک لیگز کےساتھ معاہدے کر رکھے ہیں
اور وہ اس میں مصروف ہیں۔ بورڈ نے جمی کے انکار کے بعد بلیئر ٹکنر اور فن ایلن کو اب سنٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ ٹرینٹ بولٹ اور کولن ڈی گرینڈ ہوم کے جانے کے بعد کنٹریکٹ میں دو کھلاڑیوں کی گنجائش تھی، جس کے باعث آل راونڈر کو سنٹرل کنٹریکٹ کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے انکار کردیا ہے لیکن جمی نشیم ہمارے سرکل میں موجود ہیں اور دوسرے نان کنٹریکٹڈ کرکٹرز کی طرح جب بھی دستیاب ہوئے انہیں سلیکشن کیلئے زیر غور لایا جائیگا۔ جمی نیشم کا کہنا ہے کہ میں جانتا ہوںسنٹرل کنٹریکٹ کے انکار کے فیصلے کے بعد کہا جائے گا کہ میں نے پیسے کو ترجیح دی۔ جولائی میں میرا ارادہ تھا کہ میں سنٹرل کنٹریکٹ کی پیش کش قبول کر لوں تاہم اس وقت مجھے فہرست میں شامل نہیں کیا گیا تو میں نے دنیا میں دیگر لیگز سے معاہدے کر لئے۔
کے ٹی پی ایل سیزن ٹو:تیمور مرزا کے چھکوں کی بدولت گلشن گوہر کی ایک اور فتح
Sep 17, 2022