کامونکی(نمائندہ خصوصی)حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش اور دیگر بزرگان دین نے خلوص نیت سے انسانیت کی خدمت اور دین کی تبلیغ کی،اولیاء کرام نے نبی کریم کی سنت کو فروغ دیا اور خود اس پر عمل کرکے دکھایا۔ان خیالات کا اظہار سرپرست رائس ملز ایسوسی ایشن میاں اقبال عزیز،سماجی سیاسی رہنما چودھری آصف شفیق آرائیں اور سابق ناظم یونین کونسل چودھری محمد نعیم بلا نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ نبی کریم کی سنت پرعمل او رآپکی ذات مبارکہ سے محبت کے باعث اللہ تعالیٰ نے ان نیک بندوں کو بلند درجات عطا کئے۔اشاعت اسلام کیلئے حضرت داتا گنج بخش اور دیگر بزرگ ہستیوں کی کاوشیں اورقربانیاں انتہائی قابل قدر ہیں۔اللہ تعالیٰ نے ان کے حصول اور نیک اعمال کی بدولت ان کے نام کو شہرت اور دوائم بخشا۔ان کے مزارات آج بھی سر چشمہ فیض ہیں،بزرگان دین کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ حضرت داتا گنج بخش نے فرمایا جب تک بندہ اس دنیا میں نفس اور خواہشات نفس کے چنگل سے نہیں نکلتا معرفت سے سر فراز نہیں ہو سکتا۔