پی ڈی ایم سیاست بچائومہم پرہے،چھ ماہ میں معیشت نہیں سدھری ،شیخ رشید

 مزیدڈیڑھ کروڑلوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے اقتصادی صورتحال انتہائی نازک ہوگئی

اگرعمران خان احتجاج کی کال دیتے ہیں تو اس کے نتائج کیا نکلیں گے اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا

  میں ایک سیٹ کی سیاست کرتا ہوں، آئندہ 30دنوں پتا لگ جائے گا کہ سیاست کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا

سابق وفاقی وزیر داخلہ کا نجی ٹی و ی کو انٹرویو

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کرپشن بچائو کے بعد سیاست بچائومہم پرہے،6ماہ میں معیشت نہیں سدھری،برآمدات نہیں بڑھیں،مہنگائی اورڈالرنہیں رکا۔احتجاج کی کال تو کسی بھی سیاستدان کا آخری حربہ ہوتا ہے، عمران خان اگر کال دیتے ہیں توان کے پاس آخری پانچ اوور ہوں گے اور اگر مفاہمت ہوجاتی ہے تو بہت اچھی بات ہے۔میں پُرامید ہوں کہ مفاہمت ہوسکتی ہے۔ عمران خان اگراحتجاج کی کال دیتے ہیں اورکے نتائج کیا نکلیں گے اس حوالے سے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان اور ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ شیخ رشید احمدنے کہا کہ مزیدڈیڑھ کروڑلوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے اقتصادی صورتحال انتہائی نازک ہوگئی ہے۔گینگ آف تھری زرداری،نواز،فضل الرحمان الیکشن نہیں روک سکتے۔نہ باہرسے امدادآئی،نہ اندرسے مددملی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے بہت پہلے کہا تھا کہ ستمبر ستمگر ہو گا ، آئندہ 15دن بڑے اہم ہیں، میں نے اب 15اکتوبر تک کی تاریخ دی ہوئی ہے۔میں نے 45دن دیئے تھے جن میں سے 15گزر گئے ہیں اور ممکن ہے کہ آئندہ 15دنوں میں کوئی پس پردہ مفاہمتی فارمولابھی کا میاب ہو جائے، اگر وہ ناکام ہوگیا تو پھر عمران خان کال دے گا اورعمران خان کی کوشش ہو گی کہ حالات جوڈوکراٹے کی طرف نہ جائیں اورالیکشن کی طرف جائیں اوراِس کے لئے اُس کی کوشش جاری ہے۔اگر کوئی تعیناتی کا مسئلہ ہے تو وہ اصل میں اب پاکستان پیپلز پارٹی اور شہباز شریف کے درمیان ہے۔ایک سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ میں کبھی فوجی معاملات پر بات نہیں کرتا ، میں ایک سیٹ کی سیاست کرتا ہوں، آئندہ 30دنوں پتا لگ جائے گا کہ سیاست کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا۔ ایک سوال پر انہوںنے کہا کہ پہلے بھی مجھ پرتین خود کُش حملے ہو چکے ہیں اور عمران خان اس وقت بین الاقوامی سطح پر بھی ملکی سطح پر بھی نشانے پر ہیں اور کچھ مذہبی انتہا پسند بھی اُن کی جان کے پیچھے ہیں اور میری جان کے پیچھے بھی لوگ پڑے ہوئے ہیں لیکن اللہ بہت بڑا ہے، جو رات قبر میں ہے وہ باہر نہیں ہوسکتی جو باہر ہے وہ قبر میں نہیں ہوسکتی ، یہ مسلمان کا ایمان ہونا چاہیے کہ زندگی، موت، عزت،ذلت، ترقی، تنزلی، اُتار، چڑھائو، بیماری اور صحت یہ سب اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن