چارسدہ: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمیں کسی سپر پاور کی غلامی نہیں کرنی، ہم اپنے ملک کی خارجہ پالیسی کو کسی ملک کےلیے قربان نہیں کرینگے۔ عمران خان نے کہا کہ قوم کہہ رہی ہے کہ پرامن انقلاب کو ووٹ کے ذریعے آنےدو مگرمجھےخوف ہے کہ پرامن انقلاب کاراستہ روکا تو وہ انقلاب آئے گا سب کی گیم ختم ہوجائے گی۔ چارسدہ میں جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانی خیبرپختونخوا نے دی، کیا صلہ ملا؟ اب ہمیں کسی سپر پاور کی غلامی نہیں کرنی اور نہ ہی کسی کے خوف سے جنگ میں شرکت کرنی ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہم اپنے ملک کی خارجہ پالیسی کو کسی ملک کےلیےقربان نہیں کرینگے، انشاللہ وقت آئے گا جب میرا پاکستانی دنیا میں فخرسےگھومے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ چارسدہ والو! تمہیں بتانے آیا ہوں کہ سازش کے ذریعے جو حکومت آئی اس کے دو مقاصد تھے، پہلا یہ کہ امریکا چاہتے تھے کہ یہاں ایسے حکمران آئیں جب حکم کریں تو وہ جوتے پالش کریں، دوم ایسے حکمران آئیں جو دنیا میں بھکاریوں کی طرح گھومیں۔عمران خان نے کہا کہ میں آپ کو ایک کال دوں گا،وہ وقت زیادہ دور نہیں ، وہ کال صرف ایک مقصد کےلیے ہوگی ملک کو دلدل سے نکالنا ہے،ملک کو دلدل سے نکالنے کےلیے صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں۔
پرامن انقلاب کاراستہ روکا تو وہ انقلاب آئے گا سب کی گیم ختم ہوجائے گی:عمران خان
Sep 17, 2022 | 18:59