لندن (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ راجہ ریاض نے لندن میں نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں راجہ ریاض نے کہا کہ مسلم لیگ ن پرانی جماعت ہے اور اس کے فالوورز گہرائی تک ہیں۔ میں نے 15 فروری انتخابات کی تاریخ دی ہے اس سے ہفتہ پہلے یا بعد میں ہوں گے۔ نواز شریف کا زبردست استقبال ہو گا ان کا اپنا ووٹ بنک ہے۔ ن لیگ کو انتخابات سے بھاگنا ہوتا تو نواز شریف واپس نہ جا رہے ہوتے۔ آئندہ چند دنوں میں اہم فیصلے ہوں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ راجہ ریاض کو مسلم لیگ ن میں خوش آمیدد کہا ہے۔ راجہ ریاض کی شمولیت سے ن لیگ کو تقویت ملے گی۔ مشاورت ہوئی ہے نیب ترامیم پر عدالتی فیصلہ افسوسناک ہے۔ عدالتی فیصلے نے آمر کے نیب قانون کو بحال کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے دو بار اپنے حواریوں کو این او سی دینے کیلئے نیب کا قانون تبدیل کیا۔ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان جا رہے ہیں۔ نواز شریف نے اپنے مقدمات میں نیب ترامیم کا سہارا نہیں لیا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے دو بار صدارتی آرڈیننس کے ذریعے نیب قانون تبدیل کیا تھا۔ صدارتی آرڈیننس سے نیب قانون میں تبدیلی پر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شہباز شریف نے کہا کہ تیل کی قیمتیں عالمی منڈی میں بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں۔ روپے کی قدر اب بہتر ہوئی ہے ورنہ پٹرول کی قیمت زیادہ بڑھتی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے حواریوں کو ریلیف دیا، پوچھتا ہوں صدارتی آرڈیننس کے وقت جسٹس عمر عطاءبندیال کہاں تھے؟۔