لندن (نوائے وقت رپورٹ) لندن میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے اجلاس میں نواز شریف، شہباز شریف، نذیر تارڑ، امجد پرویز ملک، عطا تارڑ اور اسحاق ڈار شریک ہوئے۔ اعظم نذیرتارڑ اور امجد پرویزملک نے نواز شریف اور اجلاس کے دیگر شرکاءکو سابق وزیراعظم کی پاکستان واپسی کیلئے بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق قانونی ٹیم نے نواز شریف کو پاکستان واپسی کیلئے کلیئرنس دے دی۔ قانونی ٹیم نے کہا ہے کہ نواز شریف کو پاکستان واپسی پر مقدمات میں قانونی مسائل پرکوئی مشکلات درپیش نہیں۔ ن لیگ کی قانونی ٹیم نے نواز شریف کی پاکستان واپسی کیلئے لائحہ عمل تیارکر لیا۔ اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز نے کہا کہ نیب ترامیم سپریم کورٹ فیصلے کا نواز شریف کی واپسی اور کیسز سے کوئی تعلق نہیں‘ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کیلئے ایک وقت میں الیکشن ضروری ہیں۔ چیف جسٹس عمر عطاءبندیال کی ریٹائرمنٹ پر بار کونسل کا ری ایکشن بہترین ردعمل ہے۔ مریم نواز کی ایون فیلڈ میں بریت سو فیصد میرٹ پر کرائی تھی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے نواز شریف کے کیسز متاثر نہیں ہوتے۔