اسلام آباد ( خبر نگار + اپنے سٹاف رپورٹر) مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہو چکے ہیں۔ نواز شریف کو مائنس کرتے کرتے پاکستان کی ترقی مائنس ہوگئی۔ خیبر پی کے میں پارٹی ونگز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب میں ن لیگ کی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ نواز شریف خوش آمدید، مایوسی کے اندھیرو الوداع۔ معمار پاکستان ویلکم بیک، سازشیو گڈ بائے۔ نواز شریف واپس نہیں آ رہا، پاکستان کی خوش حالی کا دور واپس آ رہا ہے۔ نواز شریف کا پیغام پاکستان کی ترقی، مہنگائی سے عوام کو نجات دلانا ہے۔ نواز شریف نے بہادری، ثابت قدمی سے سیاسی انتقام کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے۔ الحمدللہ۔ نواز شریف نے عوام کو مہنگائی سے بچایا تھا۔ اس خدمت کی انہیں سزا ملی۔ 2016ءمیں عوام سے ترقی، مہنگائی میں کمی چھین لی گئی۔ نواز شریف کے خلاف سازش کے نتیجے میں عوام کو مہنگائی ملی۔ سازشی نہیں چاہتے تھے کہ پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو اور عوام مہنگائی کی غلامی سے آزاد ہوں۔ 21 اکتوبر اعلان ہے کہ عوام کی تکلیف کے دِن ختم ہونے والے ہیں۔ غریبوں کے د±کھ درد کا احساس کرنے والانواز شریف واپس آ رہا ہے۔ نواز شریف وہ ہے جس کے دور میں 5 سال آٹے، گھی، چینی کی قیمت نہ بدلی۔ نواز شریف وہ ہے جس کے دور میں 47 سال میں مہنگائی کم ترین سطح پر آئی تھی۔ نواز شریف وہ ہے جس نے پاکستان کی معاشی ترقی 6.1 فیصد پر پہنچائی تھی۔ نواز شریف نے 2017ءمیں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا۔ نواز شریف کا دیا ترقی کا سفر جاری رہتا تو پاکستان آج بحرانوں کا شکار نہ ہوتا۔ نواز شریف کا دیا ترقی کا سفر جاری رہتا تو آج بجلی، گیس، پٹرول مہنگے نہ کرنے پڑتے۔ وعدہ ہے کہ خیبر پی کے کی محرومیوں کو دور کر کے ترقی کا تاریخی سفر شروع کریں گے۔ دہشت گردی کے علاوہ معاشی دہشت گردی سے بھی قوم کو نجات دلانی ہے۔ دریں اثنا مریم نواز کی زیر صدارت نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال کے لیے مشاورتی اجلاس میں پارٹی قائد کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی سے متعلق تیاریوں پر غور کیا گیا۔ شرکا نے اس موقع پر کہا کہ ہر تنظیم بڑھ چڑھ کر نواز شریف کا استقبال کرے گی۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے آزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی تنظیموں کے اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا چار سال میں پاکستان کی معیشت، معاشرت اور مفادات کی بنیادیں ہلا دی گئیں۔ نوازشریف نے قوم سے کئے ہر وعدے کو پورا کیا۔ پاکستان کے اتحاد، مفاد اور ترقی کا نام نواز شریف ہے۔ نواز شریف نے سیاسی انتقام کا سامنا کیا لیکن سیاسی انتقام کبھی نہیں لیا‘ مسلم لیگ (ن) خیبر پی کے کے عہدیداروں اور کارکنوں نے نواز شریف کی واپسی کے اعلان کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔ لیگی قائدین نے کہا ہے کہ تاریخی استقبال کے عزم کا پختہ اظہار نواز شریف کی واپسی دہشت گردی، معاشی بدحالی اور مہنگائی کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ نواز شریف پاکستان کی عوام کے محسن ہیں، اپنے قائد کو خوش آمدید کہنا ہمارا فرض ہے۔ ادھر مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں سابق وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی، سابق سینیٹر چوہدری تنویر خان ، سردار نسیم، چوہدری انعام ظفر، راحت مسعود قدوسی، راجہ حنیف، حاجی پرویز و دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ میاں نواز شریف کے استقبال کیلئے زور و شور سے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ راولپنڈی سے ایک بڑا استقبالی جلوس لاہور کیلئے روانہ ہو گا۔ کہا جاتا ہے کہ ہم کس بات کو لے کر عوام کے پاس الیکشن میں جائیں گے ہم سے 16 ماہ کا نہ پوچھا جائے کیونکہ یہ 13 جماعتوں کی حکومت تھی۔ حنیف عباسی نے کہا ہم نے کبھی نہیں کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ملکر الیکشن لڑیں گے۔ ان کی کارکردگی ہمیشہ صفر بٹہ صفر رہی ہے، حنیف عباسی نے کہا کہ ہمیں کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جاکر الیکشن لڑنا ہے۔
نواز شریف کو مائنس کرنے والے خود مائنس، عوامی تکلیف کے دن ختم ہونے والے ہیں: مریم نواز
Sep 17, 2023