کراچی(آئی این پی ) سندھ ہائیکورٹ نے نجی اسکول انتظامیہ کو فیس نہ بڑھانے کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائیکورٹ میں فیس میں اضافے پر نجی اسکول کے خلاف والدین کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار نے کہا کہ اگست 2022 میں اسکول کی نئی برانچ کا افتتاح ہوا تھا، اسکول انتظامیہ نےلائف ٹائم فیس میں 50 فیصد رعایت دینے کاکہا تھا۔ درخواست گزار نے کہا کہ ائیر کنڈیشنڈ کلاس روم سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، آہستہ آہستہ اسکول انتظامیہ کا رویہ تبدیل ہوتا چلا گیا، بچوں کو ٹین کی چھت کے نیچے بٹھانا شروع کردیا۔ بچوں کے والدین نے عدالت میں موقف اپنایا کہ اسکول میں شکایت کی توبچوں کو اسکول سے نکالنے کاکہا گیا جس پر عدالت سے رجوع کیا۔ درخواست گزار کے موقف پر عدالت نے کہا کہ اسکول انتظامیہ پرانی فیس میں صرف 5 فیصد اضافہ کر سکتی ہے، جب تک فیصلہ نہیں ہوجاتا اسکول انتظامیہ فیس میں 5 فیصد سے زیادہ اضافہ نہ کرے ۔ عدالت نےاسکول انتظامیہ کو والدین سے 30 ہزار روپے فیس وصولی سے بھی روک دیا جب کہ عدالت نے آئندہ سماعت پر اسکول انتظامیہ اور ڈی جی پرائیویٹ اسکولزکو طلب کرلیا۔ خیال رہے کہ عدالت میں درخواست دائر ہونے کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے بچوں کو اسکول سے نکالنے سے بھی روک دیا تھا۔