لاہور (لیڈی رپورٹر) خواتین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اضافہ مسترد کرتے ہوئے اسے عوام دشمنی قرار دیا ہے۔ نوائے وقت سے گفتگومیں گڑھی شاہو کی رہائشی علینہ آفتاب اور ثمن دلپذیر نے کہا کہ مہنگائی سے بلکتے تڑپتے عوام سے کسی کو ہمدردی نہیں، نگران وزیراعظم کاکڑ سے توقع تھی کہ عوام کا درد سمجھیں گے مگر انہوں نے بھی وزیراعظم ہاو¿س پہنچتے ہی آنکھیں اور کان بند کر کے دل کو پتھر بنا لیا ہے۔ شاید نئے چیف جسٹس ہی کوئی نوٹس لیں تو بات بنے۔ علامہ اقبال ٹاو¿ن کی رہائشی نائلہ فردوس اور انجم ندیم نے کہا کہ اب سارا دن کام کر کے بھی لوگوں کے پاس کھانے کو کچھ نہیں بچتا، گھروں میں لڑائیاں جھگڑے معمول بن گئے ہیں۔ پچھلے بل قرض لے کر ادا کئے تھے اب تو قرض ملنے کی بھی امید نہیں۔ گارڈن ٹاو¿ن کی رہائشی آسیہ اویس اور کائنات علوی نے کہا کہ کیا حکمران چاہتے ہیں کہ متوسط طبقے کے چولہے بھی بجھ جائیں۔ باٹا پور کی رہائشی خواتین صغریٰ اور نسرین نے کہا کہ بار بار پٹرول مہنگا کرنا سراسر ظلم ہے جس سے کرایہ آمدورفت، آٹا، سبزی، گھی، گوشت، پھل سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھ جائے گی۔ ہم اپنی قسمت پر آنسو ہی بہا سکتے ہیں۔
خواتین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد‘ عوام دشمنی قرار دے دیا
Sep 17, 2023