اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) 58ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس (ACE) میں منعقد ہوئی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق 58ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس تقریب کے مہمان خصوصی ائیر مارشل عبدالمعید خان، ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (ائیر ڈیفنس) تھے۔ کورس سے فارغ التحصیل ہونے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے اس اہم سنگ میل کی اہمیت اور ان کے کندھوں پر آنے والی نئی مستقبل کی ذمہ داریوں کا احاطہ کیا۔ انہوں نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ کورس کے دوران ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس میں انکی تربیت ایک ایسے ماحول میں ہوئی ہے جس میں عصرحاضر کے خطرات کی ایک حقیقت پسندانہ شبیہ پیش کی گئی۔ ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف ائیر ڈیفنس نے کہا "بطور جنگی کمانڈر، آپ پاک فضائیہ میں ایک اعلیٰ درجے پر فائز ہو چکے ہیں۔ یہ کامیابی آپ کی غیر معمولی صلاحیتوں کی نشاندہی کرتی ہے اور یہ آپ کے کیریئر میں ایک انتہائی اہم سنگِ میل ہے۔ آپ کو ایک غیرمتزلزل عزم کے ساتھ ان چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تربیت دی گئی ہے۔" کمبیٹ کمانڈرز کورس سے فارغ التحصیل ہونے والے افسران کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے مہمان خصوصی نے قومی سلامتی اور پاکستان کی فضائی حدود کے تحفظ میں انکے کردار پر زور دیا۔ قبل ازیں مہمانِ خصوصی نے اس محنت طلب اور پیشہ ورانہ طور پر مشکل کورس کے اختتام پر فارغ التحصیل ہونے والے افسران میں اسناد اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ لڑاکا پائلٹس میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی سکواڈرن لیڈر رانا احسن اشفاق کو دی گئی جبکہ کمبیٹ کنٹرولرز میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر ڈیفنس ٹرافی سکواڈرن لیڈر جنید احمد نے اپنے نام کی۔
قومی سلامتی اور فضائی حدود کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا: ائرمارشل عبدالمعید
Sep 17, 2023