افغانستان،امریکی خاتون سمیت 18 امدادی کارکن تبلیغ کے الزام میں گرفتار

Sep 17, 2023

کابل(این این آئی )افغان طالبان نے مبینہ طور پر مسیحیت کی تبلیغ کرنے کے الزام میں امریکی خاتون سمیت غیر منافع بخش تنظیم کے 18 ملازمین کو حراست میں لے لیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان میں قائم بین الاقوامی امدادی مشن (آئی اے ایم)نے تصدیق کی کہ طالبان حکام نے رواں ماہ وسطی صوبہ غور میں تنظیم کے دفتر پردو بار چھاپہ مار کر عملے کو اٹھا لیا۔سوئٹزرلینڈ میں رجسٹرڈ فلاحی ادارے کا کہنا تھا کہ حراست میں لیے گئے افراد میں ایک غیر ملکی بھی شامل ہے تاہم اس کی شہریت ظاہر نہیں کی گئی۔آئی اے ایم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ان حالات سے لاعلم ہیں جن کی وجہ سے یہ واقعات پیش آئے اور ہمیں اپنے عملے کے ارکان کو حراست میں لینے کی وجہ کے بارے میں نہیں بتایا گیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمارے ساتھیوں کی فلاح و بہبود اور سلامتی ہمارے لیے سب سے اہم ہے اور ہم ان کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ان کی فوری رہائی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔مقامی میڈیا نے صوبائی حکومت کے ترجمان عبدالواحد حماس کے حوالے سے بتایا کہ حراست میں لیے گئے افراد میں ایک امریکی سمیت متعدد خواتین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں افغانستان میں عیسائیت کی تشہیر اور فروغ کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔

مزیدخبریں