برازیل کے ایمازون کے علاقے میں ایک چھوٹا مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس میں 14 افراد ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل میں شمالی ایمازوناس ریاست میں ہفتے کو خراب موسم کے باعث مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں چودہ افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثے میں جہاز کے عملے کے 2 اراکین سمیت طیارے میں سوار تمام چودہ افراد ہلاک ہوئے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، جہاز پر امریکی شہری بھی سفر کر رہے تھے۔ بی بی سی کے مطابق چھوٹا پروپیلر طیارہ ایمیزوناس ریاست کے دارالحکومت ماناؤس اور جنگل کے دور دراز قصبے بارسیلوس کے درمیان اپنے 400 کلومیٹر سفر کے اختتام کے قریب تھا جب وہ گر گیا۔ ایکس پر ایمیزوناس ریاست کے گورنر ولسن لیما نے کہا ’’مجھے 12 مسافروں اور عملے کے دو ارکان کی موت پر گہرا افسوس ہے جو ہفتے کے روز بارسیلوس میں ہوائی جہاز کے حادثے کا شکار ہوئے۔‘‘ روئٹرز کے مطابق گورنر لیما نے کہا ہے کہ اس خطے کو شدید بارشوں کا سامنا ہے اور حادثے کی سب سے زیادہ ممکنہ وجہ لینڈنگ کے وقت لیے گئے راستے میں غلطی تھی۔ برازیلی میڈیا کے مطابق طیارہ برازیلی کمپنی کا ساختہ تھا۔
ایمازون کے علاقے میں مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ
Sep 17, 2023 | 14:40