لاہور ماسٹر پلان کیس، پرویز الہیٰ کا 1 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

Sep 17, 2023 | 17:55

ویب ڈیسک

 لاہور: جوڈیشل مجسٹریٹ نے لاہور ماسٹر پلان میں بے ضابطگیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کردیا۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی پیشی کے موقع پر ضلع کچہری میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، چودھری پرویز الہٰی کو سخت سکیورٹی کے حصار میں عدالت لایا گیا۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو جسمانی ریمانڈ کیلئے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا، پرویز الہٰی کی جانب سے وکیل صدر لاہور بار رانا انتظار حسین عدالت پیش ہوئے۔اینٹی کرپشن کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس کی وکیل پرویز الہٰی نے مخالفت کی اور صدر تحریک انصاف کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی۔وکیل پرویز الہٰی نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انکوائری سے قبل ایف آئی آر درج نہیں ہو سکتی، کل ڈی جی اینٹی کرپشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے، پرویز الہٰی کی گرفتاری بدنیتی پر مبنی ہے، سابق وزیراعلیٰ کے خلاف انکوائری کی گئی نہ ہی کوئی انکوائری نوٹس بھیجا گیا۔پرویز الہٰی کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے جسمانی ریمانڈ پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔

بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو ایک روز کے جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کردیا اور کل بروز پیر دوبارہ متعلقہ مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

مزیدخبریں