خواتین کو کوڑے مارنے والے تحریک طالبان سوات گروپ کا کمانڈر آپریشن میں مارا گیا

خواتین کو کوڑے مارنے والے سابقہ تحریک طالبان سوات گروپ کا دہشتگرد کمانڈر سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ہلاک ہو گیا۔

پاک فوج اور سی ٹی ڈی نے 7 ستمبر 2023 کو خفیہ اطلاعات پر فضا گٹ سوات میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں کمانڈر نیک محمد عرف نیکو عرف عمر ہلاک ہو گیا۔ہلاک کمانڈر نیک محمد سابقہ تحریک طالبان سوات کے سربراہ ملا فضل اللہ کا قریبی ساتھی تھا، اور سوات میں عسکریت پسندی کے ابتدائی دنوں میں تحریک طالبان سوات کی کوڑے مارنے والی ٹیم کا رہنما تھا۔دہشتگرد نیک محمد سوات میں سیکیورٹی فورسز کیخلاف درجنوں دہشتگردانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث تھااور سوات میں آپریشن راہ راست کے بعد اپنے خاندان کے ساتھ افغانستان فرار ہو گیا تھا۔نیک محمد رواں سال کے اوائل میں کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کے ساتھ چھپ کر واپس سوات پہنچا، اور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ اور کالعدم ٹی ٹی پی کے لیے بھتہ وصولی شروع کر دی۔دہشت گرد نیکو نے جون 2023 میں اپنے دیگر دہشت گرد ساتھیوں کے ہمراہ مینگورہ سبزی منڈی کے قریب دو پولیس کانسٹیبلز کو بے دردی سے نشانہ بنایا، اس کے علاوہ سوات میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کے لئے خودکش حملہ اور آئی ای ڈی کے ذریعے ڈی پی او سوات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بھی بنایا۔

ای پیپر دی نیشن