حکومت پاکستان کے زیراہتمام سیرت کانفرنس کا انعقاد ایک مستحسن اقدام ہے ، جس میں صدر مملکت اور وزیر اعظم بھی شرکت کریں گے اور ملک اور بیرون ملک سے علماءو ماہرین سیرت النبیﷺ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالیں گے ۔ربیع الاول کا ماہ مبارک تمام مسلمانوں کے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔اس ماہ مبارک میں ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺاس دنیا میں تشریف لائے۔نبی آخرالزمانﷺ کی حیات مبارکہ اور تعلیمات پوری انسانیت کے لیے مینارہ نور ہیں، حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ کا ہر پہلو نرالا اور امت کے لیے مینارِ ہدایت ہے،اگرچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا تشریعی دورنبوت کے بعد شروع ہوتا ہے لیکن اس سے پہلے کا دور بھی چاہے بچپن کا دور ہو یا جوانی کا، امت کے لیے اس میں ہدایت اورکامل نمونہ موجود ہے۔حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارکہ اخلاق حسنہ و سیرت طیبہ کے اعتبار سے وہ منور آفتاب ہے، جس کی ہرجھلک میں حسن خلق نظر آتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کامل ذات پاک میں حضرت عیسیٰ ؑکا حلم، حضرت موسیٰؑ کا جوش اور حضرت ایوب ؑ کا صبر پایا جاتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تبلیغ و دعوتِ اسلام کے لئے بستیوں اور بیابانوں میں اللہ کا پیغام پہنچایا، مخالفین کی سنگ زنی وسختیاں سہیں۔ حضرت ابراہیمؑ کی طرح وطن چھوڑا اور ہجرت کی مگر پھر بھی دنیائے انسانیت کو امن و محبت، رحمت اور سلامتی کا پیغام دیا۔ حضرت سلیمانؑ کی طرح اس دنیا میں حکمت کی طرح ڈالی غرض وہ تمام خوبیاں، اوصاف حمیدہ جو پہلے انبیاء ؑ میں پائی جاتی تھیں، وہ سب بدرجہ کمال حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات میں موجود تھیں۔اس سال وزارتِ مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے 49 ویں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد اس ماہ مبارک کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی ایک کاوش ہے۔ وزارت مذہبی امور وبین المذاہب کی یہ بھی کوشش ہے کہ ملک کے اندرونی حالات کے پیش نظر مذہبی ہم آہنگی ورواداری، اخوت و مساوات، احترام انسانیت، عدم تشدد، اتحاد واتفاق،مفاہمتی عمل اور ڈائیلاگ کے کلچر پر مبنی تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جائے۔ ہر سال اسی پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے ا ٓج کے دن 12 ربیع الاوّل کو سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا جارہاہے۔اس کانفرنس کی چند نمایاں خصوصیات قارئین کے پیش ِ خدمت ہیں:
۱۔ تقسیم انعامات قومی مقابلہ کتب سیرت ونعت
۲۔ سیرت النبی ﷺ کانفرنس سیشن
وزارت مذہبی امور ہر سال، قومی، علاقائی، اور بین الاقوامی زبانوں(عربی اور انگلش) میں کتبِ سیرت و نعت کے مقابلوں کا اعلان کرتی ہے۔اس میں کسی ایک عنوان پر مقابلہ مقالاتِ سیرت کا بھی اعلان ہوتا ہے۔ سال 2024 کے مقابلہ کتب سیرت ونعت کااعلان جنوری کے مہینے میں کیا گیا تھا۔ ابتدائی مرحلے میں منتخب ہونے والی ہر کتاب اور ہر مقالہ کو کم از کم تین ماہرین پر مشتمل ججز کمیٹی کو تفصیلی جانچ پڑتال کے لئے ارسال کیاگیا تھا-یہ ججز اپنے شعبے کے ماہرین اور یونیورسٹیوں کے پی ایچ ڈی سطح کے پروفیسر صاحبان ہوتے ہیں۔بعد ازاں اِن ماہرین کی رپورٹس کو ایک اور ماہرین کی اعلیٰ کمیٹی جسے اپیکس کمیٹی کہا جاتا ہے ، کے سپر د کردیا جاتا ہے۔ یہ کمیٹی ہر کتاب اور اس کے بارے میں موصول شدہ تمام رپورٹوں اور آرا ءکی جانچ پرکھ کے بعد فیصلہ کرتی ہے کہ کون سی کتاب کون سے انعام کی مستحق ہے۔ اس طرح بہترین انعام یافتہ قرار پانے والی کتاب یامقالاتِ سیرت کا تعین ہوتا ہے۔ سال 2024 کے مقابلہ کتب سیرت ونعت کے لئے کل164کتابیں موصول ہوئیں جن میں انعام حاصل کرنے والے خوش نصیب افراد کی تعداد 30 ہے جبکہ 118مقالاتِ سیرت موصول ہوئے جن میں انعام حاصل کرنے والے خوش نصیب افراد کی تعداد33ہے۔ اس طرح ،موجودہ سال میں خوش نصیب انعام یافتگان کی کل تعداد63 ہوگئی ہے۔
پاکستان اور عالم اسلام کے مذہبی و دینی اسکالرزآج اس کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں جو مکالمے، باہمی افہام و تفہیم اور علماءکے درمیان اختلافات کو کم کرنے کے پلیٹ فارم کا کام کرتی ہے۔ اس سال کی کانفرنس کے لیے منتخب کردہ تھیم ”سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں ریاست کا تعلیمی نظام“ہے۔ وزارت اس موضوع پر پیش کی جانے والی کارروائیوں اور اعلیٰ معیار کے مقالوں کو اداروں اور لائبریریوں میں مفت شائع اور تقسیم کرتی ہے۔ یہ تمام اہم اور تاریخی دستاویزات وزارت کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کیے جاتے ہیں۔ شیڈول کے مطابق سیرت النبی کانفرنس آج 12 ربیع الاول 1446 ہجری بمطابق 17ستمبر2024ءکو ہورہی ہے۔ اس کانفرنس سے پاکستان اور عالم اسلام کے نامور سکالرز، ممتاز علماءکرام اور مذہبی و سیاسی رہنما خطاب کریں گے۔ قومی سیرت و نعت کے مقابلوں میں جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔سیرت النبی کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر وزارت نے تمام وفاقی اور صوبائی وزارتوں، محکموں اور تعلیمی اداروں کو ربیع الاول کے پورے مہینے میں سیرت النبی ﷺسے متعلق مختلف تقریبات، اجتماعات اور پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ہر سال قومی یا بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس تعلیمات ِ نبوی ﷺکے فروغ اورپرچارکے لیے منعقد کی جاتی ہے۔جس میں ملکی اور بیرونی دنیا ئے اسلام کے معروف دانشور اور سکالرزشرکت کر تے ہیں۔اس طرح کی کانفرنسوں میں علمائے کرام کے باہمی میل جول سے اختلافات کو بھی کم کرنے اور ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع فراہم ہوتا ہے اور مذہبی ہم آہنگی ورواداری کے حوالے سے بھی اس کے خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔اس سال سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے لئے جس موضوع کا انتخاب کیا گیاہے وہ ہے:”ریاست کا تعلیمی نظام۔۔۔۔۔ سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں“
کانفرنس کے ابتدائی سیشن میں وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف مہمان خصوصی ہیں ۔ کانفرنس کے دوسرے سیشن کی صدارت صدرمملکت،اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب آصف علی زرداری کررہے ہیں ۔ کانفرنس کے دونوں سیشنز میں قومی سیرت النبی ﷺ مقابلے کے انعام یافتگان میں انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی سیرت النبی ﷺ تقریبات کے سلسلے میں تمام وفاقی وصوبائی وزارتوں / محکموں اور تعلیمی اداروں کو یہ ہدایات بھی جاری کی ہیں کہ وہ اپنی اپنی سطح پر ربیع الاول کے دوران سیرت النبی ﷺ سے متعلق مجالس مختلف محافل اور تقریبات کا انعقاد کریں تاکہ ہمارے معاشرے کو آپﷺ کی تعلیمات کے سلسلے میں مختلف پہلوﺅ ں پر رہنمائی حاصل ہوسکے۔
٭٭٭