اسلام باد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) پارلیمنٹ لاجز سے سب جیل کا سٹیٹس ختم کرکے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو رہا کردیا گیا۔کابینہ ذرائع کے مطابق رہا ہونے والے تحریک انصاف کے ارکان میں زین قریشی ‘ شیر افضل مروت، عامر ڈوگر‘ یوسف خان ‘ اویس جھکڑ‘ شاہ احد، نسیم شاہ ، شیخ وقاص اکرم اوراحمد چٹھہ شامل ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا پی ٹی آئی کے رہا ارکان کے لاجز سے سب جیل کا سٹیٹس ختم کردیا گیا اورپی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے لاج کے باہر سے پولیس ہٹا دی گئی۔واضح رہے ایک ہفتہ قبل پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں جلسے میں این او سی کی خلاف ورزی پر10ارکان اسمبلی کو پولیس نے گرفتار کرکے ریمانڈ حاصل کیا تھا، بعدازاں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ لاجز کو پی ٹی آئی کے زیر حراست تمام 10 ارکان کے لیے سب جیل قراردے دیا۔مزید براں تحریک انصاف کے جلسے کے دوران گرفتار رکن قومی اسمبلی محمد زبیر پی ٹی آئی کے 34 کارکنان کو انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے سامنے پیش کیا گیا، عدالت نے تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ملزمان کی جانب سے ایڈووکیٹ سردار مصروف خان، مرزا عاصم اور آمنہ عدالت میں پیش ہوئی، ملزمان کی جانب سے وکلا نے درخواست ضمانت بھی دائر کردی جس کی سماعت بدھ کو ہوگی۔اسلام آباد نمائندہ خصوصی کے مطابق انسدادہشتگردی عدالت اسلام آباد نے تحریک انصاف کے گرفتار ارکان قومی اسمبلی کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا۔انسداد دِہشتگردی عدالت میں پراسیکیوٹر راجہ نوید نے کہا ایم این اے احمد چٹھہ مقدمے میں نامزد ہیں، مقدمے میں جو دفعات لگائی گئی ہیں ان کی سزا کم سے کم 3 سال ہے، ضمانت منظور نہ کی جائے۔جج ابوالحسنات نے استفسار کیا شیر افضل مروت، احمد چٹھہ و دیگر ایم این ایز سے کچھ برآمد ہوا ہے جس پر پراسیکیوٹر نے جواب دیا نہیں کچھ برآمد نہیں ہوا۔ عدالت نے پی ٹی آئی ایم این ایز کی 30، 30 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔