ایشیائی بنک سیلاب متاثرین کی بجالی کیلئے 720ملین ڈالر دے گا

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے تیزی سے اصلاحات جاری ہیں، حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں تمام رکاوٹیں ختم کر رہی ہے۔ گزشتہ روز وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پٹرولیم شعبے سے تعلق رکھنے والی عالمی شہرت یافتہ کمپنی گنور  گروپ کے چیئرمین توربیون تورنقوسٹ اور ٹوٹل انرجیز کے ریجنل وائس پریزیڈنٹ مہمت جیلیپوعلو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ الحمد اللہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو کر ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے تیزی سے اصلاحات جاری ہیں، ہماری معاشی و کاروباری پالیسیوں کے مثبت ثمرات کا سلسلہ جاری ہے۔ چیئرمین گنور گروپ نے پاکستان کے پٹرولیم سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ گنور گروپ پاکستان میں ٹوٹل پارکو کے 50 فیصد حصص کا معاہدہ کر چکی ہے۔ چیئرمین گنور گروپ نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو گنور گروپ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یوم شناخت کے موقع پر اعضا کے عطیہ کو فروغ دینے کیلئے شناختی کارڈ پر خصوصی لوگو پرنٹ کرنے کے اقدام کا اعلان کیا ہے۔عالمی یوم شناخت پر پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج دنیا بھر میں شناخت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن مجھے ایک اہم قومی اقدام کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے جس کا مقصد اعضاء کے عطیہ کو فروغ دینا ہے، اس اقدام کے تحت جو بھی فرد رضاکارانہ طور پر اعضاء عطیہ کرنے کیلئے خود کو رجسٹر کرائے گا ، اس کے قومی شناختی کارڈ پر ایک مخصوص لوگو پرنٹ کیا جائے گا جو کہ انسانی زندگی بچانے کے حوالے سے اس شخص کے عزم کا اعتراف ہو گا۔ اعضاء کا عطیہ انسانی ہمدردی کا ایک ایسا عمل ہے جو ضرورت مندوں کو زندگی کا ایک نیا موقع فراہم کر سکتا ہے، میں تمام شہریوں کو اس اقدام میں حصہ لینے اور زندگی بچانے والی کمیونٹی کا حصہ بننے کی ترغیب دیتا ہوں۔ پاکستان کے لیے ایشیائی ترقیاتی بنک کی دیرینہ شراکت داری کو سراہتے ہوئے زراعت سمیت ماحولیاتی لچک کے منصوبوں میں ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کی پاکستان کی گہری خواہش کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیراعظم اور صدر ایشیائی ترقیاتی بنک  نے 400 ملین ڈالرز کے سندھ ایمرجنسی ہائوسنگ ری کنسٹرکشن پراجیکٹ اور 320 ملین ڈالرز مالیت کے خیبر پی کے دیہی روڈز ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے مسودے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اے ڈی بی کے صدر  مساتسوگو آساکاوا نے  ایک وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔پاکستان کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی دیرینہ شراکت داری کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے اے ڈی بی کے وفد کو حکومت پاکستان کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات کے سلسلے سے آگاہ کیا جن میں ٹیکس محصولات میں اضافہ، توانائی کے شعبے کی مالی استحکام کو بہتر بنانا، موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کے خلاف اقدامات ، غیر ہدف شدہ سبسڈی میں کمی اور سماجی تحفظ کو بڑھانا شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ان اصلاحات کی پیشرفت کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ان کے کامیاب نفاذ اور طویل مدتی اثرات کو یقینی بنایا جا سکے جو کہ پائیدار اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے ضروری ہیں۔ وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے موقع پر ایشیائی ترقیاتی بنک کی جانب سے 1.5 ارب ڈالرز سے زیادہ کی فراخدلانہ مدد کو سراہا۔ انہوں نے زراعت سمیت ماحولیاتی لچک کے منصوبوں میں ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کی پاکستان کی گہری خواہش کا اظہار کیا۔ صدر ایشیائی ترقیاتی بنک نے اظہار خیال کرتے ہوئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ پاکستان کے ایک بانی ممبر کی حیثیت سے طویل وابستگی کو سراہا۔ انہوں نے جامع اصلاحات کرنے پر حکومت پاکستان کی تعریف کی اور پاکستان کے لیے بنک  کی مسلسل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے یہ دونوں منصوبے  سیلاب سے تباہ حال علاقوں کی بحالی سے متعلق ہیں۔

ای پیپر دی نیشن