امریکی نائب وزیرخارجہ کی آرمی چیف سے ملاقات : سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے امریکی قائم مقام نائب وزیر خارجہ جان باس اور پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری الزبتھ ہورسٹ نے  ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نائب وزیراعظم نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان مثبت اور نتیجہ خیز روابط کی اہمیت پر زور دیا۔دریں اثنا امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق قائم مقام امریکی نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور جان باس نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور علاقائی استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کی اہمیت سمیت اقتصادی اور سکیورٹی امور پر دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔انڈر سیکرٹری نے امریکہ میں افغانوں کی آبادکاری کے سلسلے میں مدد کے لیے پاکستان کے مسلسل تعاون پر اظہار تشکر کیا۔انڈر سیکرٹری نے 2025-2026 کی مدت کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر نائب وزیر اعظم کو مبارکباد دی اور اس مدت کے دوران حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے میں امریکہ کی دلچسپی کا اظہار کیا۔

ای پیپر دی نیشن