توشہ خانہ ریفرنس عمران اہلیہ کا ایف آئی اے قوانین کے تحت ٹرائل شروع

Sep 17, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + وقائع نگار) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس کا ایف ائی اے قوانین کے تحت ٹرائل شروع ہو گیا۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب ترامیم کے بعد یہ پہلا کیس ہے جو ایف آئی اے کو ٹرانسفر ہوا، کیس کو ایف آئی اے قوانین کے تحت دیکھنا ضروری ہے۔بعدازاں عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی، عدالت نے ملزموں کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت بھی آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ  کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سپیشل کورٹ سنٹرل میں زیر سماعت توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر جلد فیصلہ کرنے کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے جواب کیلئے نوٹسز جاری کردیئے۔ وکیل پی ٹی آئی نے کہا ہمارے کچھ خدشات ہیں،جج شارخ ارجمند نے اس سے قبل عِدت نکاح کیس سنا جو ہوا عدالت کے سامنے ہے،جج شارخ ارجمند کے پورا کیس سننے کے بعد فیصلے کے وقت ان پر اعتراض کر دیا گیا تھا،اْس کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی ڈائریکشن کے بعد ہی فیصلہ ہوا تھا، عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا اور سماعت18 ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ علاوہ ازیں توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اپیل واپس لینے کی درخواست مسترد کرنے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا اپیل واپس لینے کی درخواست مسترد کرنے کیخلاف کیس کی جلد سماعت کیلئے پہلے بھی ایک متفرق درخواست دائر کی گئی تھی لیکن کیس سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوا۔ الیکشن کمیشن نے بانی پی ٹی آئی کو خلاف قانون ڈی سیٹ کرکے فوجداری کارروائی کا حکم دیا، لاہور ہائی کورٹ الیکشن کمیشن فیصلے کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کے لیے فل بنچ تشکیل دے چکی ہے لیکن معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرالتوا ہونے کی وجہ سے اس پر سماعت نہیں ہوسکی۔

مزیدخبریں