لاہور(نیوز رپورٹر) صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ حکومت مجوزہ آئینی ترمیم کا مسودہ قوم کے سامنے لائے رات کے اندھیرے میں چوری ہوتی ہے آئینی ترمیم نہیں۔ پارلیمان میں موجود حکومتی لوگ عوامی نمائندے نہیں یہ فارم 47 والے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں۔ملک کو اس وقت اتحاد، امن اور مضبوط معیشت کی ضرورت ہے جس کیلئے فوری طور پر قومی ڈائیلاگ شروع کیا جائے، جس انداز سے حکومت قانون سازی کی کوشش کر رہی ہے یہ شکوک و شبہات کو جنم دے رہا ہے۔ خالد مسعود سندھو نے مزید کہا کہ آئینی ترامیم بارے اپوزیشن جماعتوں کے تحفظات کو دور کیا جائے۔مرکزی مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے ربیع الاول کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے سیاستدانوں، حکمرانوں، عدلیہ کو سیرت النبی ؐ کو سامنے رکھتے ہوئے غور کرنا چاہیے کہ ہمیں نبی کریمؐ کی تعلیمات کے مطابق اپنی معاشرتی، اخلاقی اور تہذیبی اقدار کو کیسے استوار کرنا ہے۔ ملک کو درپیش مسائل کا حل صرف سیرت النبیؐ پر عملدرآمد کرنے سے ہوگا۔