لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی امن و امان کا اجلاس ہوا۔وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن اور وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امن وامان پر بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا پنجاب میںنبی کریم ؐ کی ولادت کی خوشی مکمل عقیدت و احترام سے منائی جائیگی۔ حکومت تمام اضلاع میں شرکاء کو مشروب اور مٹھائی پیش کرے گی۔انہوں نے کہاپنجاب میں جلوسوں کے روٹس اور محافل میلاد کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، کمشنر لاہور، آر پی او شیخوپورہ، ڈی سی لاہوراور ڈی آئی جی آپریشنز نے شرکت کی۔لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔علاوہ ازیں صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور زیر علاج ترکیہ کے قونصل جنرل ڈرمس باسٹگ کی عیادت کی۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر انجم جلال، ایم ایس ڈاکٹر شعیب، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر وسیم ودیگرموجود تھے۔
انتظامات مکمل ،عیدمیلادالنبی عقیدت واحترام سے منائیں گے:سلمان رفیق
Sep 17, 2024